بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی سریاب روڈ کے مختلف مضافاتی علاقوں میں گوشت فروشوں کیخلاف کارروائیاں

کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی انسپیکشن ٹیموں نے کوئٹہ میں معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے سریاب روڈ کے مختلف مضافاتی علاقوں میں گوشت فروشوں کے خلاف وسیع پیمانے پر کارروائیاں کیں۔ ارروائیاں فوڈ سیفٹی قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانے اور عوام کو ناقص و مضر صحت گوشت سے بچانے کے لیے کی گئیں۔ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق، معائنہ کے دوران 27 گوشت فروشوں کے خلاف کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ ان میں سے کئی دکانوں پر صفائی کے ناقص انتظامات، حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیاں اور گوشت کے ذخیرہ و فروخت کے لیے مقررہ ایس او پیز پر عدم عملدرآمد پایا گیا۔انسپیکشن کے دوران 14 مٹن و بیف شاپس، 6 پولٹری شاپس اور ایک فِش شاپ کے مالکان کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے جرمانے عائد کیے گئے۔ ٹیموں نے مالکان کو ہدایت کی کہ جانوروں کو ذبح کرنے و گوشت کی اسٹوریج اور نمائش کے دوران صفائی ستھرائی، درجہ حرارت کے کنٹرول اور لائسنس کے حصول اور تجدید کو ہر صورت یقینی بنائیں۔علاوہ ازیں 6 دیگر میٹ شاپس مالکان کو لائسنس کی عدم دستیابی پر جرمانہ کیا گیا جبکہ معمولی نقائص پر 13 قصابوں کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے تاکہ وہ مقررہ مدت کے اندر اپنی دکانوں میں بہتری لا سکیں۔ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی وقار خورشید عالم کا کہناہے کہ بی ایف اے کی ٹیمیں صوبے بھر میں روزانہ کی بنیاد پر خوراک کے معیار کی نگرانی کر رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی صحت کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے اور خوراک کے ہر شعبے میں معیار اور صفائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے خصوصاً میٹ شاپس مالکان اور قصابوں پر زور دیا کہ وہ فوڈ سیفٹی کے تمام تقاضوں پر عمل کریں کیونکہ یہ نہ صرف قانونی ذمہ داری ہے بلکہ عوامی امانت بھی۔ ڈائریکٹر جنرل نے واضح کیا کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی حالیہ اور گزشتہ مہمات کا مقصد صرف کارروائی نہیں بلکہ اصلاح، آگاہی اور گوشت سمیت ہر قسم کی خوراک کے معیار کی بہتری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں