صوبے بھر میں لیویز فورس کو پولیس میں ضم کرنے غیر مناسب فیصلہ ہے، حاجی عبدالحق ابدال

پشین(این این آئی) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ضلع پشین کے زیر اہتمام صوبائی حکومت کی جانب سے صوبے بھر میں لیویز فورس کو پولیس میں ضم کرنے، کراچی میں پشتونوں کے کاروبار کے خلاف سندھ حکومت کی ناروا کارروائیوں، افغان کڈوال عوام کے ساتھ مبینہ غیر انسانی سلوک اور ضلع پشین میں بجلی و گیس کی طویل اور ناروا لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرہ شہر کے مختلف راستوں سے گزرتا ہوا مین چوک پر جلسہ عام کی شکل اختیار کر گیا۔ جلسہ عام سے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری حاجی عبدالحق ابدال، ضلعی صدر عمرخان ترین، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اقبال بٹیزئی، ضلعی رابطہ سیکرٹری علی محمد کلیوال، عنایت خان، حاجی عصمت کمالزئی، شاولی کاکڑ، اور عبدالمناف بادیزئی ایڈوکیٹ نے خطاب کیا۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے رہنماؤں نے کہا کہ لیویز فورس مقامی سیکیورٹی فورس ہے جو علاقے کے حالات اور عوامی ضروریات سے بخوبی واقف ہے، لہٰذا اسے پولیس میں ضم کرنا غیر مناسب فیصلہ ہے۔ انہوں نے افغان کڈوال خاندانوں کے ساتھ رواں شدید سرد موسم میں کیے جانے والے مبینہ سخت غیر انسانی اقدامات کو غیر انسانی قرار دیتے ہوئے کہا کہ خواتین، بچوں اور بزرگوں کے ساتھ روا رکھا جانے والا رویہ قابلِ مذمت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع پشین میں بجلی اور گیس کی طویل لوڈشیڈنگ نے عوام کو پینے کے پانی سمیت بنیادی سہولیات سے محروم کر دیا ہے۔ جس کی وجہ سے عوامی زندگی سخت اجیرن بن گئی ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی میں پشتون کاروباریوں کے خلاف مبینہ بھتہ خوری، غیر قانونی چھاپوں اور ہوٹلوں کو سیل کرنے کی کارروائیوں کی بھی مذمت کی۔احتجاج کے شرکا نے مجوزہ 27ویں آئینی ترمیم کے خلاف بھی شدید نعرے بازی کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں