ڈیرہ اللہ یار،جی او آر رہائشی منصوبوں کی تکمیل سے سرکاری افسران کو درپیش رہائشی مسائل حل ہو جائیں گے،ڈپٹی کمشنر خالد خان

جعفرآباد(این این آئی)ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے ڈیرہ اللہ یار میں جی او آر رہائشی منصوبے کے کام کا جائزہ لیا اس منصوبے کی تکمیل کے بعد ضلع جعفرآباد میں خدمات سرانجام دینے والے سرکاری افسران کو درپیش رہائش کے دیرینہ مسائل حل ہو جائیں گے جس کے لیے ضلعی انتظامیہ نے مسلسل کوششیں کیں۔سرکاری اراضی پر قبضہ مافیا کی جانب سے مختلف ہتھکنڈے استعمال کیے گئے جبکہ معاملہ ہائی کورٹ تک پہنچا، تاہم عدالت کی جانب سے گرین سگنل ملنے کے بعد منصوبے پر باقاعدہ تعمیراتی عمل شروع کر دیا گیا۔اس موقع پر ایگزیکٹو انجینیئر مواصلات و تعمیرات بلڈنگز عتیق الرحمن نے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جی او آر امبریلا اسکیم ہے جس کے تحت بلوچستان کے دس مختلف مقامات پر اسی نوعیت کے منصوبے تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کا ٹینڈرنگ عمل مئی میں مکمل ہو چکا تھا تاہم زمین کے تنازع کی وجہ سے کام شروع نہیں ہو پا رہا تھا۔ منصوبہ پانچ ایکڑ رقبے پر مشتمل ہوگا جہاں چار دیواری کی تعمیر کے بعد سرکاری افسران کے لیے رہائشی بنگلے تعمیر کیے جائیں گے جس سے سرکاری امور کی انجام دہی میں درپیش رہائشی مشکلات مکمل طور پر دور ہو سکیں گی۔ ڈپٹی کمشنر خالد خان نے کہا کہ جی او آر منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس کی تکمیل سے افسران کے رہائشی مسائل ختم ہو جائیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے کو پی سی ون کے معیار کے مطابق مکمل کیا جائے، تمام انجینیئرز اپنی نگرانی میں تعمیراتی امور کو تیز رفتاری اور شفافیت کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچائیں تاکہ یہ منصوبہ جلد از جلد افسران کے لیے سودمند ثابت ہو سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں