کوئٹہ(این این آئی) گیس پائپ لائن میں شگاف پڑنے سے کوئٹہ سمیت مختلف علاقوں کو گیس کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کے ترجمان سلمان احمد صدیقی نے بتایا کہ مچھ کے قریب سوئی سدرن گیس کمپنی کی ہائی پریشر ٹرانسمیشن پائپ لائن میں شگاف پڑنے کے باعث بلوچستان کے متعدد اضلاع میں گیس فراہمی متاثر ہوئی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ یہ 18 انچ قطر کی QPCEP پائپ لائن ہفتہ کی صبح پانچ بجے رپچر ہوئی جس کے باعث مندرجہ پشین، کچلاک، زیارت، بوستان، حرمازئی، مستونگ، قلات، منگوچر، کڈھ کوچہ اور ان سے ملحقہ علاقوں کو گیس کی فراہمی معطل ہوگئی تاہم متبادل انتظام کے طور پر گیس کی فراہمی سوئی سدرن کی 12 انچ قطر QPL لائن کے ذریعے محدود سطح (کم پریشر) پر کوئٹہ شہر کے مضافات کے بعض علاقے بشمول, نواں کلی, ہنہ،سرہ غڑگئی،پشتون آباد اورایسٹرن بائی پاس کو جاری ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ سوئی سدرن گیس کے تکنیکی عملے کو جائے وقوع کے لیے فوراً روانہ کردیا گیا تھا پایپ لائن کی جلد مرمت کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے اس صورتحال کے تناظر میں ادارہ اپنے صارفین سے معذرت خواہ ہے اور شہری علاقوں میں کھانے پکانے کے اوقات کے دوران گیس کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہا ہے اس وقت مرمتی کام کی تکمیل کے حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا مگر ادارہ اپنے صارفین کو صورتحال سے مسلسل آگاہ کرتا رہے گا۔

