کوئٹہ(این این آئی)کرسچن الائنس پینل کے چیئرمین و سابق وفاقی وزیر خلیل جارج اور نائب چیئرمین عرفان بشیر نے کہا ہے کہ کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں کرسچن الائنس پینل کے پلیٹ فارم سے بھر پور حصہ لیں گے،الیکشن کمیشن کرسمس کو مد نظر رکھتے ہوئے بلدیاتی انتخابات 2سے 3ماہ کیلئے ملتوی کرے تاکہ کرسچن کمیونٹی بھی انتخابات میں بھر پور حصہ لے سکیں۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہو ں نے کہا کہ کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں کرسچن الائنس پینل کا باقاعدہ اعلان کیا جارہا ہے تاریخ میں پہلی بار گراس روٹ سے مسیحی نمائندوں کو کرسچن الائنس پینل کے پلیٹ فارم سے میدان میں اتاریں گے اس پینل کا مقصد کسی سیاسی پارٹی کی مخالفت نہیں بلکہ مختلف حلقوں میں اتحادکی صورت میں انتخاب لڑنا ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں جہاں مسیحی آبادی کی اکثریت ہے وہاں مختلف پارٹیوں کے ساتھ الائنس کرکے کرسچن الائنس پینل اپنے امیدواروں کو کامیاب کروائے گا۔انہوں نے کہا کہ مسیحی قوم بلوچستان اور خاص طور پر کوئٹہ میں بھاری اکثریت میں موجود ہے اوراسی وجہ سے انکے مسائل بھی زیادہ ہیں اسوقت ہم نے اپنے پینل کے طور پر مختلف علاقوں میں سروے کرکے اپنے امیدواروں کو میدان میں اتار رہے ہیں جہاں وارڈز میں ہماری اکثریت ہے وہاں کرسچن الائنس پینل نے اپنے امیدواروں کو کھڑا کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ کرسچن الائنس پینل نے ٹکٹ دینے کیلئے بورڈ تشکیل دیدیا ہے جو امیدواروں کی فائنل لسٹ الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کرنے کے بعد باقاعدہ امیدواروں کا اعلان کیا جائے گا مسیحی قوم پرعزم ہے ہم بلدیاتی انتخابات اور مخصو ص نشستوں پر اکثریت سے اپینے امیدواورں کو کامیاب کرائیں گے۔ایک سوال کے جواب میں 25دسمبر کو کرسمس کی وجہ سے کرسچن کمیونٹی کرسمس کی تیاریوں میں مصروف ہوتی ہے اس لئے الیکشن کمیشن کو چاہئے کہ وہ بلدیاتی انتخابات2سے 3ماہ کیلئے ملتوی کرے تاکہ کرسچن کمیونٹی بھی انتخابات میں بھر پور طریقے سے حصہ لے سکے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کرسچن الائنس پینل جنرل نشستوں کے ساتھ ساتھ مخصوص نشستوں پر بھی بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے گا۔

