گنداوا شہر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے بڑے منصوبے پر کام تیزی سے جاری

گنداواہ /جھل مگسی(این این آئی)ایکسیئن پبلک ہیلتھ انجینئرنگ جھل مگسی شکیل احمد انصاری کی خصوصی ہدایات پر بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو کے تحت شہر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے بڑے منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے۔ ایس ڈی او عبد الخالق آرائیں کی زیرنگرانی شہر کے مختلف علاقوں میں نئی اور مضبوط پائپ لائنوں کی بچھائی کے ساتھ ساتھ واٹر سپلائی سسٹم کی مجموعی بہتری کے لئے اہم اقدامات کیے جارہے ہیں۔
ایس ڈی او پی ایچ ای نے بتایا کہ منصوبے کے تحت واٹر سپلائی کی چار دیواری کی تعمیر بھی مکمل کی جارہی ہے، جس سے سیکیورٹی اور سسٹم کی حفاظت مزید بہتر ہوگی۔ اس کے علاوہ ایک جدید اور وسیع واٹر ٹینک بھی تعمیر کیا جارہا ہے جس کی گنجائش ایک لاکھ گیلن ہوگی۔یہ ٹینک خاص طور پر اس مقصد کے لیے بنایا جارہا ہے کہ بجلی کی غیر موجودگی کی صورت میں بھی سٹی کے شہریوں کو پانی کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔ واٹر اسٹوریج بڑھانے کے لیے ایک واٹر تالاب بھی تعمیر کیا جارہا ہے جو مستقبل میں پانی کے ذخیرہ اور سپلائی سسٹم کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ایس ڈی او عبد الخالق آرائیں نے کہا کہ محکمہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے شب و روز کام کر رہا ہے اور شہر کے تمام محلوں میں پانی کی ترسیل پہلے سے بہتر اور مؤثر طریقے سے جاری ہے۔عوامی و سماجی حلقوں نے ایکسیئن پی ایچ ای شکیل احمد انصاری اور ایس ڈی او عبد الخالق آرائیں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی نگرانی میں ترقیاتی منصوبے بہترین منصوبہ بندی کے ساتھ مکمل ہورہے ہیں، جس سے گنداواہ شہر میں بنیادی سہولیات خصوصاً صاف پانی کی فراہمی کے دیرینہ مسئلے میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں