کوئٹہ(این این آئی)خواتین پارلیمانی کاکس کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی غزالہ گولہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں فرح عظیم شاہ، شہناز عمرانی، شاہدہ رؤف، بی بی سلمیٰ، کلثوم نیاز بلوچ،سیکرٹری اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ، اسپیشل سیکرٹری اسمبلی عبدالرحمن اور محکمہ قانون کے نمائندگان بھی موجود تھے۔اجلاس کا مقصد خواتین پارلیمانی کاکس کی مزید مضبوط بنانے سے متعلق امور کا جائزہ لینا تھا۔ شرکاء نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ قومی اسمبلی کی ویمن کاکس کے طرزِ کار کے بارے میں باضابطہ معلومات حاصل کی جائیں جس کے بعد بلوچستان کی خواتین پارلیمانی کاکس کو مزید مضبوط بنایا جائے۔اراکین نے حال ہی میں چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ کے حوالے سے خواتین پارلیمانی کاکس کے مؤثر کردار کو سراہا، جس نے صوبے میں کم عمری کی شادیوں کے خاتمے کے لیے قانون سازی میں اہم کردار ادا کیا۔اس موقع پر رکن اسمبلی شاہدہ رؤف نے کہا کہ انہوں نے اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان کی رائے لینے کی تجویز پیش کی تھی تاکہ قانون سازی کے ہر پہلو کو اسلامی اصولوں کے مطابق یقینی بنایا جا سکے۔

