کوئٹہ(این این آئی) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات، یونین کونسل کی ترقی اور عام شہریوں کی فلاح و بہبود کیلئے کلیدی اہمیت رکھتے ہیں۔ بلدیاتی نمائندے ہمارے محلوں کے روزمرہ کے خدشات اور مشکلات کو دور کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں لہٰذا ضروری ہے کہ تمام بلدیاتی امیدواران اس دفعہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لیں کیونکہ یہ مجموعی طور پر جمہوری عمل کی بنیاد ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں آل پارٹیز کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے عوام پر زور دیا کہ وہ اپنا قیمتی ووٹ ان دیانتدار اور عوام دوست امیدواروں دیں جو حقیقی معنوں میں عوام کے حقوق و اختیارات کی نمائندگی کرتے ہوں۔ آل پارٹیز کی جانب سے سابق صوبائی وزیر عین اللہ شمس اللہ نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اپنے تحفظات اور مطالبات سے گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل کو آگاہ کیا جس پر گورنر بلوچستان نے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

