حکمرانوں نے اپنے تحفظ کیلئے سڑکیں بند کرکے شہریوں کو سخت اذیت میں مبتلاکردیا ہے،سربراہ بلوچستان امن جرگہ

کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالہ یوسف خلجی نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے اپنے تحفظ کیلئے سڑکیں ٹریفک کیلئے بند کرکے کوئٹہ شہر کی لاکھوں کی آبادی کو سخت اذیت میں مبتلاکردیا ہے سڑکیں بند ہونے سے شہرمیں سارادن ٹریفک جام رہی ہے اور منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہوتا ہے،حکمران اپنے لئے شہر سے کہیں باہر کھلی جگہ پر قلعے تعمیرکرلیں جہاں حکمران خود کو محفوظ کرسکیں۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالہ یوسف خلجی نے کہا کہ جن حکمرانوں نے عوام کو تحفظ اورسہولیات فراہم کرنا تھیں وہ اپنے تحفظ میں لگے ہوئے ہیں گورنر ہاؤس،وزیراعلیٰ ہاؤس اوردیگراہم عمارتوں کی دیواریں کنکریٹ سے بنائی گئی تھیں تاکہ حکمران محفوظ رہ سکیں لیکن حکمرانوں نے عوام کوپریشان کرنے کا ٹھیکہ لے رکھا ہے کوئٹہ شہرکی اہم شاہراہوں کو بغیر کسی وجہ سے مٹی ڈال کر ہرقسم کی ٹریفک کیلئے بندکردیا گیاہے جس سے کوئٹہ شہر میں سارا دن ٹریفک جام رہتی ہیں مریض ٹریفک جام ہونے سے ایمبولینسوں میں تڑپتے رہتے ہیں جبکہ سکولوں کے بچے بھی کئی کئی گھنٹے کی تاخیرسے گھروں کو پہنچتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک جام نے شہریوں کو ذہنی اذیت میں مبتلا کردیا ہے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہورہاہے۔انہوں نے کہا کہ اگر حکمرانوں کواپنی جانوں کی اتنی ہی پرواہ ہے تو وہ کوئٹہ شہرسے کسی باہر کسی کھلی جگہ پرجاکر اپنے لئے قلعے تعمیرکرلیں تاکہ وہاں کوئی نہ جاسکے۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر کی اہم سڑکیں ٹریفک کیلئے بند کئے جانے سے کوئٹہ شہر کی 30لاکھ سے زائد آبادی کو آمدورفت میں سخت مشکلات کا سامنا ہے بلوچستان امن جرگے کامطالبہ ہے کہ کوئٹہ کی سڑکوں کو فوری طورپر ٹریفک کیلئے کھولا جائے تاکہ عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں