بلوچستان سیلز ٹیکس آن سروسز ایکٹ کے تحت سیلز ٹیکس کی عدم ادائیگی پر تکتو ریسٹورنٹ، خیبر شنواری سیل

کوئٹہ(این این آئی) وزیر اعلیٰ بلوچستان کی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے بلوچستان ریونیو اتھارٹی BRA نے بلوچستان میں ٹیکس چوروں کے خلاف مہم کا آغاز کر دیا۔بلوچستان ریونیو اتھارٹی بی آر اے نے بلوچستان سیلز ٹیکس آن سروسز ایکٹ کے تحت سیلز ٹیکس کی عدم ادائیگی پر تکتو ریسٹورنٹ اور خیبر شنواری ریسٹورنٹ کو سیل کر دیا ہے۔ترجمان بی آر اے کے مطابق اتھارٹی کی جاری نفاذ اور عمل درآمد مہم کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ مذکورہ ریسٹورنٹس کو قانونی تقاضوں اور سیلز ٹیکس کی ذمہ داریوں پر بارہا نوٹسز کے ذریعے ٹیکس کی ادائیگی کی ہدایات جاری کی گئیں، لیکن متعدد مواقع فراہم کیے جانے کے باوجود ٹیکس ادا نہیں کیا گیا۔ جس پر بی آر اے نے قانونی کارروائی کرتے ہوئے دونوں ریسٹورنٹس کو سیل کر دیا۔ترجمان نے مزید کہا کہ بی آر اے کی ٹیم نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کے وڑن اور چیئرپرسن بی آر اے کی ہدایات کے مطابق، اسسٹنٹ کمشنر، بی آر اے عملے اور پولیس کے تعاون سے کارروائی مکمل کی۔مزید ہدایت کی گئی ہے کہ تمام سروس فراہم کرنے والے ادارے بروقت سیلز ٹیکس کی ادائیگی کو یقینی بنائیں، بصورت دیگر ان کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں