لسبیلہ(بیوروچیف)ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سرکٹ ہائوس اوتھل میں منعقدہ کھلی کچہری ایک بار پھر عوامی اعتماد حاصل کرنے میں ناکام نظر آئی۔ تصویر میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ عوام کی شرکت نہ ہونے کے برابر تھی، جبکہ صرف سرکاری افسران اور میڈیا نمائندے ہی تقریب میں موجود رہے۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ کھلی کچہریوں کا مقصد عوامی مسائل سن کر فوری حل نکالنا ہونا چاہیے، لیکن لسبیلہ میں منعقدہ کچہریاں صرف رسمی کارروائی اور فوٹو سیشن تک محدود ہوکر رہ گئی ہیں۔ ماضی کی کھلی کچہریوں میں عوامی شکایات کے باوجود مسائل جوں کے توں برقرار ہیں، جس کے باعث اب لوگ ان تقریبات کو وقت کا ضیاع سمجھنے لگے ہیں۔عوامی حلقوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور وفاقی وزیر تجارت نواب جام کمال خان عالیانی سے مطالبہ کیا ہے کہ کھلی کچہریوں کو مذاق نہ بنایا جائے بلکہ انہیں مؤثر اور نتیجہ خیز بنایا جائے تاکہ عوامی مسائل حقیقت میں حل ہو سکیں۔

