اسلام آباد (این این آئی)پاکستان سپورٹس بورڈ کی ہدایت پر پاکستان فیڈریشن بیس بال (پی ایف بی) کے تین مرکزی عہدوں صدر، سیکرٹری جنرل اور فنانس سیکرٹری پر انتخابات 22 نومبر 2025 بروز ہفتہ کو پنجاب یونیورسٹی لاہور میں منعقد ہوں گے۔ پی ایف بی کے سابق فنانس سیکرٹری طاہر محمود کے مطابق فیڈریشن کے انتخابات پاکستان سپورٹس بورڈ کی ہدایات اور نیشنل سپورٹس پالیسی کے مطابق کرائے جائیں گے جس کے نتیجے میں نئی قیادت سامنے آنے کی توقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صدر کی نشست پر ڈاکٹر حمود لکھوی اور محمد جمیل کامران،سیکرٹری جنرل کی نشست پر منظرشاہ، طاہر محمود، میڈم حمیرا، جمیل کامران اورشیخ پرویز جبکہ فنانس سیکرٹری کی نشست پر محمد طارق،شیخ پرویز اورعلی شاہ نے کاغذات جمع کروائے۔ الیکشن کے شفاف انعقاد کیلئے باقاعدہ الیکشن کمیشن تشکیل دیا گیا ہے جس میں دو ریٹائرڈ ججز شامل ہیں جبکہ پاکستان سپورٹس بورڈ اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی طرف ایک ایک نمائندہ بطور آبزرور شریک ہوں گے۔

