تربت (رپورٹر) تربت کے علاقے جوسک میں نیشنل پارٹی کے سربراہ و سابق وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے نئے پولیس تھانے کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ، ایس پی کیچ کیپٹن زوہیب محسن اور ایس پی کے والد اور سماجی شخصیت مولابخش بلوچ اور میئر تربت بلغ شیر قاضی بھی موجود تھے۔ افتتاحی تقریب میں علاقے کے معتبرین، کونسلران، سیاسی و کاروباری شخصیات اور پولیس افسران کی بڑی تعداد شریک تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ حکومت کو بلوچستان کی پولیس پر بھروسہ کرنا چاہیے۔ پولیس کو اختیارات اور وسائل فراہم کیے جائیں، کیونکہ دو لیٹر پیٹرول کے ساتھ پولیس امن قائم نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ یہاں امن و امان اور لاپتہ افراد کا مسئلہ انتہائی سنگین ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی کارکردگی اچھی ہے لیکن جب شہری اور دکاندار کسی ملزم کی نشاندہی کرتے ہیں اور پولیس تفتیش کیلئے اسے گرفتار کرتی ہے تو فوراً فون آنا شروع ہوجاتے ہیں کہ اسے چھوڑ دیں۔ یہ ہمارا “سورس” ہے۔ اگر وہ واقعی کسی کے سورس ہیں۔ تو انہیں اتنے پیسے دیں کہ اپنا گھر چلانے کیلئے چوری کرنے پر مجبور نہ ہوں۔تقریب سے ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ، ایس پی کیپٹن زوہیب محسن، میونسپل کارپوریشن تربت کے میئر بلخ شیر قاضی اور دیگر نے خطاب کیا۔ آخر میں مہمانوں اور شرکاء کیلئے ٹی پارٹی کا اہتمام کیاگیا

