کوئٹہ(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے کہا ہے کہ سرفراز بگٹی کو پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کا اعتماد حاصل ہے وہ وزیراعلیٰ ہیں اور رہیں گے۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو بلوچستان اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی شخص کو یہ اختیار نہیں کہ اسکا تعلق ہماری جماعت سے نہ ہو وہ پارٹی کے بارے میں پالیسی بیان دے پاکستان پیپلز پارٹی نے فیصلہ کیا کہ سرفراز بگٹی ہمارے وزیراعلیٰ ہیں اور رہیں گے گزشتہ روز جو کچھ میڈیا میں چلتا رہا اس کی تردید کرتا ہوں ایسی کوئی بات نہیں یہ حق صرف پیپلز پارٹی کو ہے کہ وہ کوئی فیصلہ کرے پاکستان پیپلز پارٹی کو وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی پر اعتماد ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل کے حالات پر کچھ نہیں کہہ سکتا البتہ پارٹی قیادت نے ہدایت کی تھی کہ وزیراعلیٰ کی تبدیلی کی خبر کی تردید کریں جو میں نے کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈھائی سال شراکت اقتدار کا فیصلہ پارٹی قیادت نے کرنا ہے ہم یہ کہتے ہیں کہ آئندہ ڈھائی سال بھی ہمارے ہی ہونگے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 53سال سے پارٹی میں ہوں کچھ لوگ آئے اور گئے ہم جماعت کے ساتھ ہیں میں کسی علی حسن زہری کو نہیں مانتا ہم صرف صدر مملکت آصف علی زرداری، چیئر مین بلاول بھٹو زرداری اور فریال تالپور کو مانتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ بیانات دینے والے مارشل لاء میں کہاں تھے ہم نے جماعت کے لیے کوڑے کھائے ہیں جو بیان میں دوں گا وہ پارٹی کی پالیسی ہوگی سرفراز بگٹی ہمارے وزیراعلیٰ ہیں اور رہیں گے۔

