سینیٹ اسٹینڈنگ کمیٹی برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس کااسٹیٹ آفس اور پاک پی ڈبلیو ڈی کادورہ،اثاثوں کی جانچ پڑتال کی

کوئٹہ(این این آئی)سینیٹ اسٹینڈنگ کمیٹی برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے کوئٹہ میں اسٹیٹ آفس اور پاک پی ڈبلیو ڈی کی اثاثوں کی جانچ پڑتال کے حوالے سے دورہ کیا۔ اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین ناصر محمود کی سربراہی میں کمیٹی کے تمام ممبران وفد میں شامل تھے۔ اس موقع پر جوائنٹ سیکریٹری اسٹیٹ آفس ذکریا خان اور ڈی جی سٹیٹ آفس عبیدالدین نے کمیٹی ممبرانِ کو ورکس اور سٹیٹ آفس کے عمارتوں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ فنانس ڈویڑن کی طرف سے بلوچستان میں مرکزی حکومت کے بلڈنگوں کی دیکھ بھال کے لئے صرف 5 کروڈ روپے کی منظورہ دی گئی ہے جو کہ بہت کم ہے۔ بلوچستان میں اسٹیٹ آفس اور ورکس کی اثاثے 20 سے 22 لاکھ سکیور فیٹ پر پھیلے ہوئے ہیں۔ ورکس اور اسٹیٹ آفس کی عمارتوں کی دیکھ بھال کے لئے 5 کروڑ کی قلیل رقم ناکافی ہے۔ چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی نے کہا وہ فنڈز میں اضافے کیلئے بہت جلد فنانس ڈیویڑن والوں کے ساتھ ایک میٹنگ کریں گے تاکہ جلد از جلد فنڈز کی بندوست کی جائے۔ اس موقع پر ناصر محمود نے کہا کہ سرکاری عمارتوں پر قبضہ مافیا کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا۔ اگر کسی سرکاری بلڈنگ میں کوئی غیر متعلقہ بندہ رہائش پزیر ہے تو فوری طور پر اسے نکال دیا جائے گا۔ اس سلسلے میں آئی جی بلوچستان و دیگر متعلقہ اداروں سے بھی رجوع کیا جائے گا۔بعد ازاں کمیٹی ممبران نے فیڈرال لاجز سیکریٹریئٹ، سرکاری کوارٹرز برائے ملازمین سریاب کسٹمز، کادورہ کیا، کمیٹی نے عمارتوں کی ناگفتہ بہ حالت اور ان میں صفائی ستھرائی کی کمی کا خصوصی نوٹس لے کر اپنی ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ آفیسران کو ہدایت کی کہ وہ صفائی کا خاص خیال رکھیں تاکہ لوگ ہوٹلوں میں رہنے کے بجائے سرکاری رہائشی کوارٹرز میں رہائش اختیار کریں جو کہ محکمے کی آمدنی کا بہت بڑا ذریعہ بھی بن سکتا ہے۔ سینیٹ کے کمیٹی ممبران نے پی ایچ اے- ایف, ریزیڈنشل پروجیکٹ کا بھی تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر پروجیکٹ کیمنیجنگ ڈائریکٹر محمد شاہداور پروجیکٹ ڈائریکٹر راحیل سلیم نے اسٹینڈنگ کمیٹی کے ممبرانِ کو پروجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی۔ ممبران نے پروجیکٹ کی تعمیر پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس دوران الاٹیز نے پروجیکٹ کے بارے میں کمیٹی کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ چیرمین کمیٹی نے کہاکہ الاٹیز کی تحفظات کی دور کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائیگی۔ اور کوشش ہوگی کہ اس پروجیکٹ کو مخصوص مدت تکمیل تک پہنچایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں