وزیر اعلیٰ بلوچستان کی قیادت میں صوبائی حکومت نوجوانوں کو روزگار اور ترقی کے مواقع فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے،بلال خان کاکڑ

کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت نوجوانوں کو روزگار اور ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ بلوچستان کی یوتھ صوبے کا روشن مستقبل ہے اور انہیں عالمی معیار کی مہارتوں، مواقع اور سرمایہ کاری تک رسائی دینا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ بیوٹمز میں ہونے والے جاب فیئر میں BBoIT آفیشل پارٹنر اور اسپانسر کے طور پر شرکت کرے گا،انہوں نے یہ بات بیوٹمز میں جاب فیئرکی تیاریوں سے متعلق ایک اجلاس اور اسکالرشپس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر بیوٹمز کے رجسٹرار ڈاکٹر احسان اچکزئی اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔بلال خان کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ (BBoIT) صوبے میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور سرمایہ کاری لانے کے لیے سرگرم کردار ادا کر رہا ہے۔ جاب فیئر میں شرکت کا مقصد نہ صرف نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے بلکہ انہیں صنعتوں اور سرمایہ کاروں کے ساتھ براہِ راست رابطے کا موقع دینا بھی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ سے نہ صرف معاشی استحکام آئے گا بلکہ مقامی افرادی قوت کے لیے ترقی کے نئے دروازے بھی کھلیں گے۔ نوجوانوں کو جدید تقاضوں کے مطابق تیار کرنے کے لیے تعلیمی اداروں اور صنعتی شعبے کے درمیان مضبوط رابطوں کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں سرمایہ کاری بورڈ اپنا مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔اجلاس میں بیوٹمز انتظامیہ نے جاب فیئر کی تیاریوں پر بریفنگ دی اور طلبہ کے لیے مختلف اداروں کی جانب سے دستیاب مواقع سے آگاہ کیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسے پروگرامز کے ذریعے بلوچستان کے نوجوانوں کو صوبائی اور قومی سطح پر روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں