ادیب اور شعرا کسی بھی معاشرے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں،سیکرٹری ثقافت بلوچستان

کوئٹہ(این این آئی) سیکرٹری ثقافت بلوچستان حمیداللہ خان ناصر نے کہا ہے کہ ادیب اور شعرا کسی بھی معاشرے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ یہ اپنے قلم کی طاقت سے معاشرتی ناہمواریوں کے خلاف لڑتے ہیں ایک رہنماء ادیب اور شاعر وہ شخص ہوتا ہے جو نہ صرف اپنے عوام کو تعلیم دے رہا ہوتا ہے بلکہ انہیں سماجی برائیوں کیخلاف نبردآزما ہونے کیلیے تیار کرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان رائیٹرز فورم کے وفد سے بات چیت کے دوران کیا وفد نے چیف آرگنائزر پروفیسر انور زیب کی سربراہی میں سیکریٹری ثقافت حمیداللہ خان ناصر سے ملاقات کی۔ملاقات میں فورم کے سینیر ممبران سائر عزیز,حیدر آتش, بابل نسیم شامل تھے۔ وفد نے سیکریٹری ثقافت کو نیا منصب سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی۔اس موقع پر چیف آرگنائزر نے انہیں فورم کے قیام کے مقصد سے آگاہ کیا۔اس کے بعد فورم کی جانب سے دی گئی چارٹر آف ڈیمانڈ پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔سیکرٹری ثقافت نے کہا کہ فورم کی جانب سے پیش کردہ چارٹر آف ڈیمانڈ میں موجود مطالبات کا بغور جائزہ لے کر قابل عمل حل تلاش کریں گے۔انہوں نے وفد کو مسائل کوحل کرنے کی بھرپور یقین دھانی کرائی۔آخر میں وفد نے سیکریٹری ثقافت کا شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں