زراعت بلوچستان کی ریڑھ کی ہڈی،زرعی نظام میں شفافیت، ریکارڈ بہتری،محصولات ڈھانچے پر کام جاری ہے،سردار بابا غلام رسول خان عمرانی

کوئٹہ(این این آئی)وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے محکمہ لیبر اینڈ مین پاور سردار بابا غلام رسول خان عمرانی نے کہا ہے کہ محنت کشوں، کسانوں اور معاشرے کے دیگر پِسے ہوئے طبقات کے مسائل کو توجہ سے سننا، سمجھنا اور عملی طور پر مسائل دور کرنا ہی حقیقی عوامی خدمت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول سیکرٹریٹ میں مختلف عوامی وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔ صوبائی مشیر برائے محکمہ لیبر اینڈ مین پاور سردار بابا غلام رسول خان عمرانی نے وفود کی جانب سے پیش کیے گئے مسائل غور سے سنے اور ان کے حل کے لیے مکمل یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ محکمہ لیبر اینڈ مین پاور عملی اقدامات کے ذریعے روزگار، فلاح و بہبود اور ورک پلیس ریفارمز کے لیے مسلسل سرگرم ہے۔ انہوں نے مذید کہا کہ مزدوروں اور زراعت سے وابستہ افراد کو درپیش مشکلات دور کرنا موجودہ صوبائی حکومت کی پالیسی کا بنیادی حصہ ہے۔ زراعت بلوچستان کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ ہم زرعی نظام میں شفافیت، ریکارڈ کی بہتری اور محصولات کے جدید ڈھانچے پر کام کر رہے ہیں، تاکہ صوبے کی آمدنی بڑھے اور کسانوں کو حقیقی سہولت میسر آئے۔ انہوں نے کہا کہ براہ راست عوامی رابطہ ہی حقیقی مسائل کی نشاندہی اور مؤثر پالیسی سازی کا واحد طریقہ ہے۔ اس موقع پر وفود نے سردار بابا غلام رسول خان عمرانی کو بلوچستان ایگریکلچر انکم ٹیکس رولز 2025 کی اعلیٰ سطحی کمیٹی کا رکن نامزد ہونے پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ ان کی نامزدگی صوبے میں شفافیت، بہتر گورننس، مالی نظم و ضبط اور زرعی اصلاحات کی سمت ایک مثبت پیش رفت ثابت ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں