بلوچ ساحلی خطہ قدرتی وسائل سے مالا مال،جھینگا فارمنگ منصوبے سے سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھلیں،روزگار کے مواقع پیدا ہونگے، بلال خان کاکڑ

کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ سے ڈائریکٹر جنرل فشریز، ڈاکٹر عتیق اللہ نے ان کے دفتر میں ملاقات کی، جس میں صوبے میں ماہی پروری اور آبی وسائل کی ترقی سے متعلق جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ملاقات کے دوران خاص طور پرڈام میں جاری جھینگا فارمنگ (Shrimp Farming) منصوبے کی پیش رفت پر گفتگو ہوئی، جو بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں معاشی ترقی اور روزگار کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔اس موقع پر بلال خان کاکڑ نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بلوچستان کا ساحلی خطہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ ڈام میں ایک ارب روپے کے جھینگا فارمنگ منصوبے سے نہ صرف سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھلیں گے بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے، ایکوا کلچر کو فروغ ملے گا اور برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا، ہماری کوشش ہے کہ جدید ٹیکنالوجی اور مضبوط پالیسیوں کے ذریعے ماہی پروری کو صنعت کے طور پر فروغ دیا جائے تاکہ مقامی لوگوں کے لیے زیادہ معاشی مواقع پیدا ہوں۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ سرمایہ کاروں کے لیے آسانیاں فراہم کر رہا ہے اور ہماری بھرپور کوشش ہے کہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بلوچستان کے ماہی پروری کے شعبے میں پرکشش مواقع فراہم کیے جائیں۔ڈائریکٹر جنرل فشریز ڈاکٹر عتیق اللہ نے بتایا کہ محکمہ فشریز سائنسی بنیادوں پر آبی وسائل کی ترقی کے لیے کام کر رہا ہے اور ماہی پروری کے جدید طریقوں کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ماہی گیروں کی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں