وزیراعلیٰ بلوچستان اڑھائی سال پورے کرینگے،کوئی عدم اعتماد نہیں آرہی ہے،سید جہانگیرشاہ

کوئتہ(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی رہنما سید جہانگیرشاہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی اپنے اڑھائی سال پورے کریں گے صوبے میں انکے خلاف کوئی عدم اعتماد نہیں آرہی ہے اورانہ ہی انہیں عہدے سے ہٹایاجارہا ہے،بلوچستان کا آئندہ اڑھائی سال کیلئے وزیراعلیٰ مسلم لیگ(ن) سے ہوگا۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سید جہانگیرشاہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی کی قیادت میں مخلوط صوبائی حکومت بہتر انداز میں کام کر رہی ہے اور دو سال کے دوران صوبے میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے ہیں جس کی ماضی میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان اورسیکورٹی فورسز ملکرصوبے سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کام کررہے ہیں اور صوبے میں امن وامان کی صورتحال میں کافی حد تک بہتری آئی ہے اورانشاء اللہ جلد ہی صوبے سے دہشت گردی کا مکمل صفایا کردیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی اپنی مدت اڑھائی سال پورے کریں گے اورانکے خلاف کوئی بھی عدم اعتماد نہیں آرہی ہے وزیراعلیٰ کو ہٹانے کا جو لوگ بیان دے رہے ہیں وہ سستی شہرت حاصل کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئندہ اڑھائی سال کیلئے بلوچستان کا وزیراعلیٰ مسلم لیگ(ن) سے ہوگااور جس کیلئے صوبائی وزراء میر شعیب نوشیروانی،سردارعبدالرحمن کھیتران اور میرعاصم کردکے نام زیر غور ہیں اور پارٹی قائدمیاں محمد نواز شریف نے یقین دہانی کرائی ہے کہ مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے کارکن جسے چاہیں گے اسکو آئندہ کا وزیراعلیٰ بلوچستان بنایا جائے اورانشاء اللہ جلد ہی بلوچستان کے سینئر رہنماوں اورکارکنوں کا ایک وفد اسلام آباد جاکر میاں محمدنواز شریف سے دوبارہ ملاقات کریگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں