سردیوں کے آغاز پر ایل پی جی،لکڑی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

لورالائی (این این آئی) سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی شہر اور نواحی علاقوں میں ایل پی جی گیس اور جلانے والی لکڑی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔ گھریلو صارفین کے مطابق گزشتہ چند ہفتوں میں ایندھن کی قیمتوں میں بیتحاشا اضافہ نے ان کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے۔ تندور، ہوٹل اور گھریلو صارفین سب ہی ایندھن کی مہنگائی سے پریشان دکھائی دیتے ہیں شہریوں نے شکایت کی ہے کہ مارکیٹ میں ایل پی جی سرکاری نرخنامے کے برعکس من پسند نرخوں پر فروخت کی جا رہی ہے جبکہ لکڑی فروشوں نے بھی قیمتوں میں ازخود اضافے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ عوام کے مطابق انتظامیہ کی عدم توجہ اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی عدم موجودگی نے منافع خوروں کو کھلی چھوٹ دے دی ہے۔ دیہی علاقوں میں صورتحال مزید خراب ہے جہاں نہ نرخنامے آویزاں ہیں اور نہ ہی چیکنگ کا کوئی نظام موجود ہیعوام کی پریشانی میں اضافہ گھریلو خواتین کا کہنا ہے کہ سردی کے بڑھتے ہوئے دنوں میں ایل پی جی کی قیمتوں نے کچن کا بجٹ تباہ کر دیا ہے۔ لکڑی کی قیمتیں بھی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہیں، جس کے باعث غریب طبقہ شدید پریشانی کا دوسری جانب انتظامیہ نے عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ کسی بھی شخص کو ناجائز منافع خوری کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اسسٹنٹ کمشنر اور پرائس کنٹرول کمیٹی نے مختلف بازاروں میں چیکنگ کا عمل تیز کر دیا ہے، جبکہ اوورچارجنگ پر متعدد ڈیلرز کے خلاف جرمانے بھی عائد کیے گئے ہیں۔ترجمان انتظامیہ نے کہا کہ سردیوں کے باعث ایندھن کی طلب میں اضافہ ہوا ہے، جس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کچھ عناصر قیمتیں بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں، مگر ایسے تمام عناصر کے خلاف کارروائی جاری ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی شکایت کی صورت میں ضلعی کنٹرول روم یا اسسٹنٹ کمشنر آفس سے رابطہ کریں تاکہ فوری ایکشن لیا جا سکے۔شہریوں نے حکومتِ بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخنامے پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور ذخیرہ اندوزی کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ سخت سردی میں غریب عوام کو ریلیف فراہم ہو سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں