پشتونخوا نیپ کے قومی، نظریاتی و انقلابی پروگرام کی بدولت عوام مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں شمولیت اختیار کررہے ہیں، نصراللہ خان زیرے

کوئٹہ (این این آئی) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے نے کہا ہے کہ پشتونخوا نیپ کے قومی، نظریاتی اور انقلابی پروگرام کی بدولت عوام مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں پارٹی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں، جو ایک نہایت خوش آئند اور حوصلہ افزا امر ہے۔ یہ بات انہوں نے میر آصف مینگل کی سربراہی میں درجنوں افراد اور ان کے پورے خاندان کی پشتونخوا نیپ میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پارٹی کے صوبائی آفس سیکریٹری ندا سنگر، پی ایس او کے صوبائی سیکریٹری وارث افغان، عالمو یونٹ کے سینئر معاون سیکریٹری محمد کریم اچکزئی، علاقائی معاون سیکریٹریز صمد افغان، عبدالظاہر خان اور دیگر پارٹی کارکنان بھی موجود تھے۔ صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے نے کہا کہ میر آصف مینگل کی شمولیت اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ایک ایسی نظریاتی سیاسی جماعت ہے جو رنگ، نسل، فرقہ اور مذہب سے بالاتر ہوکر پوری پشتون افغان ملت اور محکوم اقوام کی حقیقی نمائندگی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوا نیپ ملک میں حقیقی جمہوریت، سماجی عدل و انصاف، قوموں کی برابری، اپنے وسائل پر قومی حقِ حکمرانی اور حقِ ملکیت کے اصولوں کیلئے مسلسل اور غیر متزلزل جدوجہد کررہی ہے، اور پارٹی اپنی قوم کے دیرینہ قومی ارمانوں کی تکمیل کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج ملک پر فارم 47 کی ناجائز حکومت مسلط ہے جس کے باعث پشتونخوا وطن اور بلوچستان بدترین حالات سے گزر رہے ہیں۔ یہاں آگ و خون کا کھیل جاری ہے اور پوری فضا تباہی و بربادی سے بھری ہوئی ہے۔ نوجوان شدید بے روزگاری، معاشی بدحالی اور عدم تحفظ کا سامنا کررہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں