صوبائی وزراء کو انتخابی امور میں بے جا مداخلت سے فوری طور پر روکا جائے، مولانا عبدالرحمن رفیق

کوئٹہ(این این آئی)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس سنیئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، حاجی رحمت اللہ کاکڑ، حاجی ولی محمد بڑیچ، حاجی ظفر اللہ خان، حافظ سراج الدین،مفتی نیک محمد فاروقی صفی اللہ مینگل اور دیگر نے کہا ہے کہ صوبائی وزراء کو انتخابی امور میں بے جا مداخلت سے فوری طور پر روکا جائے وزراء جھوٹے وعدوں اور وقتی اعلانات کے ذریعے عوام کو گمراہ کرکے انتخابی ماحول کو آلودہ کر رہے ہیں۔ عوام کے مسترد شدہ قابض ٹولے کو بلدیاتی انتخابات میں کسی بھی قیمت پر عوام پر مسلط نہیں ہونے دیں گے فارم 47 کی سیاست نے پہلے ہی انتخابی عمل کو متنازع بنا رکھا ہے انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کی طرح بلدیاتی الیکشن میں بھی من پسند نتائج کے حصول کے لیے عوام کو سبز باغ دکھانے دباؤ ڈالنے اور ریاستی وسائل کے ناجائز استعمال کے حربے استعمال کیے جا رہے ہیں۔ یہ رویہ نہ صرف جمہوری اقدار کے منافی ہے بلکہ عوامی مینڈیٹ پر کھلا حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس ناک امر یہ ہے کہ زمامِ اقتدار عوام کے حقیقی اور منتخب نمائندوں کے بجائے ایک جعلی اور مسلط کردہ ٹولے کے ہاتھوں میں دے دی گئی ہے جس کا مقصد عوام کے فیصلوں کو کمزور کرنا اور جمہوری نظام کو یرغمال بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام اور باشعور عوام ایسے تمام غیر جمہوری اقدامات کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہیں اور ہر اس کوشش کو ناکام بنائیں گے جو عوامی رائے کے خلاف ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں