میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت اہم اجلاس

کوئٹہ(این این آئی)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت جمعرات کو یہاں چیف منسٹر سیکرٹریٹ کوئٹہ میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے کے نوجوان انجینئرز کے لیے عالمی معیار کی منظم اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے سے متعلق منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اجلاس میں چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل انجینئر وسیم نذیر نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو ٹیکنیکل ہیومن ڈویلپمنٹ پروگرام کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی اس موقع پر چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں حکومت بلوچستان اور پاکستان انجینئرنگ کونسل کے مابین باہمی شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کی سادہ مگر پروقار تقریب بھی منعقد ہوئی اس موقع پر ایم او یو پر صوبائی حکومت کی جانب سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات و منصوبہ بندی زاہد سلیم جبکہ پاکستان انجینئرنگ کونسل کی جانب سے چیئرمین انجینئر وسیم نذیر نے دستخط کئے قبل ازیں بریفنگ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان کو آگاہ کیا گیا کہ ٹیکنیکل ہیومن ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت بلوچستان کے فارغ التحصیل نوجوان انجینئرز کو چھ ماہ کی جامع عملی اور عالمی معیار سے ہم آہنگ تربیت فراہم کی جائے گی جبکہ ٹرینیز کو ماہانہ پچاس ہزار روپے مشاہرہ بھی دیا جائے گا اجلاس کو بتایا گیا کہ تین سو نوجوان انجینئرز کے پہلے بیچ کی تربیت یکم جنوری 2026 سے باضابطہ طور پر شروع ہوگی اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبے کو جدید مہارتوں اور پیشہ ورانہ تقاضوں سے آراستہ انجینئرز کی اشد ضرورت ہے جو بلوچستان کے ترقیاتی ڈھانچے کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکیں انہوں نے کہا کہ نوجوان انجینئرز کو سرکاری شعبے میں عملی تجربے اور صلاحیتوں کے اظہار کے بہترین مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان نوجوان انجینئرز کی پیشہ ورانہ استعداد بڑھانے اور انہیں ادارہ جاتی معاونت فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوانوں کو میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر تربیتی مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ صوبے کے ترقیاتی عمل میں فعال اور مؤثر کردار ادا کر سکیں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت انجینئرنگ کے شعبے کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے اور انسانی وسائل کی ترقی کے لیے مربوط اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان انجینئرنگ کونسل اور حکومت بلوچستان کا مشترکہ پروگرام صوبے میں ٹیکنیکل ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں