نادرا کے ون ونڈو رجسٹریشن سینٹرز سے دور دراز علاقوں کے شہریوں کو طویل سفر سے نجات مل گئی،مشیر بلدیات و دیہی ترقی

کوئٹہ(این این آئی)مشیر بلدیات و دیہی ترقی نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے کہا ہے کہ نادرا کی جانب سے ون ونڈو رجسٹریشن سینٹرز کے قیام سے صوبے کے دور دراز علاقوں کے شہریوں کو طویل سفر کی زحمت نہ اٹھانا پڑے مؤثر سول ڈیٹا رجسٹریشن صوبائی پالیسی سازی، منصوبہ بندی اور اچھی گورننس کے لیے ناگزیر ہے تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں محکمہ بلدیات و دیہی ترقی اور نادرا کے تعاون سے بلوچستان میں شہریوں کو بنیادی شناختی و بلدیاتی سہولیات اْن کی دہلیز پر فراہم کرنے کے سلسلے میں ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے محکمہ بلدیات و دیہی ترقی حکومتِ بلوچستان اور نادرا نے یونین کونسل سطح پر نادرا ون ونڈو آپریشنز اور مشترکہ رجسٹریشن/برتھ رجسٹریشن سینٹرز کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے محکمہ بلدیات و دیہی ترقی نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے خصوصی شرکت کرتے ہوئے فیتہ کاٹا تقریب میں سیکرٹری محکمہ بلدیات عبدالرؤف بلوچ، ڈائریکٹر جنرل نادرا بلوچستان نوید جان صاحبزادہ، ایڈیشنل سیکریٹری ثناء اللہ خان، ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ محمد ایوب قریشی، سیکیٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ شجاعت علی، ڈاکٹر نوشین خان، سی آر وی ایس فوکل پرسن سید عباس آغا سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔ مشیر بلدیات و دیہی ترقی نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ صوبائی حکومت شہریوں کو تیز رفتار، شفاف اور یکجا خدمات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔ ون ونڈو سروسز کے آغاز کا بنیادی مقصد شناختی کارڈ، بی فارم، ایف آر سی، برتھ اور میرج سرٹیفکیٹ سمیت دیگر بلدیاتی اور شناختی خدمات ایک ہی مقام پر فراہم کرنا ہے تاکہ دور دراز علاقوں کے شہریوں کو طویل سفر کی زحمت نہ اٹھانا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ مؤثر سول ڈیٹا رجسٹریشن صوبائی پالیسی سازی، منصوبہ بندی اور اچھی گورننس کے لیے ناگزیر ہے یہ اقدام بلوچستان میں ڈیجیٹل گورننس کے فروغ، نادرا اور لوکل گورنمنٹ کے درمیان مربوط رابطہ کاری، شفاف ڈیٹا مینجمنٹ اور بروقت سروس ڈیلیوری کو مضبوط بنائے گا تقریب کے اختتام پر مشیر بلدیات و دیہی ترقی نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے عملے کی خصوصی تربیت، عوامی آگاہی مہمات اور صوبے کی مزید یونین کونسلز میں ایسے مراکز کے قیام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ صوبے میں جدید، شفاف اور مؤثر گورننس کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ نادرا کی تکنیکی معاونت اور عوام دوست اقدامات کو بھی سراہا گیا حکام نے نوابزادہ امیر حمزہ زہری کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ پہلے مرحلے میں فیز ون کے تحت صوبے کی 14 یونین کونسلز کا انتخاب کیا گیا ہے، جہاں مناسب انفراسٹرکچر، بجلی اور انٹرنیٹ کی سہولیات دستیاب تھیں۔ ان میں یو سی اغبرگ، یو سی ہنہ (کوئٹہ)، یو سی خضداران و تاسپ (پنجگور) یو سی حبیب زئی، عبدالرحمان زئی، سگئی-II (قلعہ عبداللہ)، یو سی کربلا، یارو (پشین)، یو سی ناصائی، کان، گورزئی (قلعہ سیف اللہ)، یو سی کیٹل فارم (جعفرآباد)، علی آباد شمالی (نصیر آباد)، لوپ اور وڈھ (خضدار) شامل ہیں۔ مزید یونین کونسلز کا انتخاب بھی جلد عمل میں لایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں