بارشوں کی طویل بندش؛ لورالائی اور گرد و نواح میں موذی امراض پھوٹ پڑے، شہری پریشان

لورالائی(رپورٹر) علاقے میں طویل عرصے سے بارشیں نہ ہونے کے باعث شدید خشک سالی نے جنم لے لیا ہے، جس کے نتیجے میں مختلف موذی امراض پھیلنے لگے ہیں۔ خشک موسم، فضائی آلودگی، گردوغبار اور پانی کی قلت نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق بارشوں کی کمی سے فضا میں نمی نہ ہونے کے باعث سانس کی بیماریاں، الرجی، نزلہ زکام، بخار، جلدی امراض اور آنکھوں کے انفیکشن میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ اسپتالوں اور بنیادی صحت مراکز میں مریضوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے۔علاقے کے عام شہریوں کا کہنا ہے کہ دھول، مٹی اور آلودگی نے زندگی دشوار بنادی ہے۔ بچے، بزرگ اور کمزور قوتِ مدافعت والے افراد زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔دوسری جانب محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ نے عوام کو علامتی احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے، جن میں زیادہ پانی پینا، ماسک کا استعمال، صفائی کا خاص خیال رکھنا اور غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز شامل ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسپتالوں میں اضافی اسٹاف اور ادویات کی دستیابی یقینی بنائی جارہی ہے۔شہری حلقوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ خشک سالی اور بڑھتے امراض کے پیشِ نظر فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ صورتحال مزید خراب نہ ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں