کوئٹہ(این این آئی) ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے)کوئٹہ کے ایڈمنسٹریٹر بریگیڈیر ندیم سرفراز نے کہا ہے کہ ڈی ایچ اے کوئٹہ محض ایک ہاؤسنگ اسکیم نہیں بلکہ یہ زندگی کی تمام تر سہولیات سے آراستہ ایک نیا شہر ہوگا جہاں لوگوں کورہائش،صحت،تعلیم،کھیل،اورصنعت و تجارت سمیت تمام تر سہولیات میسر آئیں گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران کے ساتھ منعقدہ نشست میں کیا۔اس سے قبل ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے پیٹرن ان چیف حاجی غلام فاروق خلجی،صدر حاجی محمد ایوب مریانی،سنیئر نائب صدر حاجی اختر کاکڑ،نائب صدر انجینئر میر وائس خان کاکڑ،سمال چیمبر کے ولی خان نورزئی ودیگر نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔اس موقع پر ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے پیٹرن ان چیف غلام فاروق خلجی،یونائٹیڈ بزنس گروپ کے پیٹرن ان چیف ایس ایم تنویر، ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ،چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ کے صدر محمد ایوب مریانی،سنیئر نائب صدر حاجی اختر کاکڑ ودیگر کا کہنا تھا کہ اس میں شک نہیں کہ ڈی ایچ اے کوئٹہ شہر کا مستقبل ہے بزنس کمیونٹی کا 8رکنی گروپ حاجی محمد ایوب مریانی کی سربراہی میں ڈی ایچ اے سے نیگوسی ایشن جاری رکھے گا ہم وہاں رہائشی،صحت،تعلیم،کھیل،صنعت و تجارت کے مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں گے اور ڈی ایچ اے میں جاری منصوبوں کا جائزہ لینے کیلئے وہاں جائیں گے،انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بزنس کمیونٹی کو ایسی سہولیات دینے کی ضرورت ہے جس سے صوبے کی ہی نہیں بلکہ ملک بھر کے سرمایہ کار مستفید ہوں جب ڈی ایچ اے میں DIZمیں اسپیشل اکنامک زون سے زیادہ ٹیکس ریلیف اور سہولیات دی جائیں گی تب بزنس کمیونٹی وہاں سرمایہ کاری میں زیادہ دلچسپی لیں گے۔اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کوئٹہ بریگیڈیر ندیم سرفراز کا کہنا تھا کہ میرے لئے بلوچستان کی بزنس کمیونٹی سے ملاقات قابل فخر ہے ان ملاقاتوں کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری و ساری رکھا جائے گا میں بزنس کمیونٹی کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ ڈی ایچ اے آ کر عملی طور پر صورتحال کا جائزہ لیں ہم اپنی دوسری ملاقات کے موقع پر بزنس کمیونٹی کے سوالوں اور خدشات بارے تفصیل سے بتائیں گے ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ آئندہ کی ملاقات میں متعلقہ سرکاری محکموں کے آفیسرز ہمارے ساتھ موجود ہو تاکہ آپ کے سوالات اور تجاویز پر موثر انداز میں بات چیت کی جا سکے ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ یہ ایک ہاؤسنگ اسکیم نہیں بلکہ یہ دنیا کے جدید ترین سہولیات سے آراستہ ایک نیا شہر ہو گا جہاں لوگوں کو زندگی کی تمام تر ضروریات اور سہولیات میسر آئیں گی۔اس سے قبل ڈی ایچ اے کے ڈائریکٹر علی شفیع نے شرکاء کو بریفننگ دی اور کہا کہ ڈی ایچ اے کوئٹہ نہیں بلکہ یہ ڈی ایچ اے بلوچستان ہے جہاں رہائش کے ساتھ سیکورٹی، بجلی،گیس،پانی،صحت،تعلیم،کھیل،صنعت و تجارت کی تمام تر سہولیات میسر ہوں گی۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس 12 سے 13 ہزار گھرانوں کیلئے 15 سے 20 سال تک کا پانی موجود ہیں بلکہ اس وقت ہم 8میگا واٹ بجلی کے فعال گریڈز بھی رکھتے ہیں ہم اسپیشل اکنامک زون کو DIZمیں تبدیل کر چکے ہیں کیونکہ SEZپر آئی ایم ایف کو اعراضات تھے ہم بزنس کمیونٹی کو 41 فیصد تک سستی بجلی فراہم کریں گے۔DIZ میں ای وی کار،بیٹری سازی،کولڈ سٹور،آئی ٹی و دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ڈی ایچ اے کویٹہ میں ایس این جی گیس پلانٹ پر آئندہ چند ماہ تک کام شروع ہو گا بلکہ گرین بس میں بھی اسی ماہ کے دوران ڈی ایچ اے تک سفر کی سہولت عوام کو میسر ہوگی اس بابت اقدامات جاری ہیں۔آخر میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کی جانب سے ایڈمنسٹریٹر ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کوئٹہ کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔

