نصیرآباد: بابا کوٹ پولیس پر پیٹرول پمپ مالکان سے بھتہ وصولی اور غیر قانونی دھمکیوں کا الزام

نصیرآباد (رپورٹر) بابا کوٹ پولیس کا پیٹرول پمپ مالکان سے منتھلی سسٹم اور بھتہ خوری کا نظام قائم بھتہ نہ دینے والے پیٹرول پمپ بند کرنے سمیت مالکان کے خلاف ناجائز کیسز کی دھمکیاں

بابا کوٹ پولیس تھانہ کی حدود میں منتھلی (ماہانہ بھتہ) کا نظام کھلے عام جاری ہے، جس نے نہ صرف قانون کی عملداری کو چیلنج کیا ہے بلکہ عوامی تحفظ پر بھی سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔ پورے بلوچستان میں پٹرول کی ترسیل محدود ہونے کے باوجود بابا کوٹ لائن پر پٹرول کی مسلسل سپلائی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ یہاں سمگلنگ، منشیات فروشی، چوری اور دیگر جرائم کی سرپرستی کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق، بعض پٹرول پمپ مالکان کی جانب سے بھتہ نہ دینے پر ان کے پٹرول پمپ زبردستی بند کروا دیے گئے۔ اس عمل سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ بابا کوٹ میں غیر قانونی سرگرمیوں کے پیچھے مضبوط نیٹ ورک موجود ہے، جسے پولیس کی مبینہ چشم پوشی حاصل ہے۔
علاقہ مکینوں نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی بلوچستان پولیس اور ڈی آئی جی نصیرآباد رٹائرڈ عاصم منیر سے فوری نوٹس لینے اور ایس ایچ او بابا کوٹ کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ علاقے میں امن و امان قائم ہو اور قانون کی بالادستی بحال کی جا سکے۔1600 لیٹر پٹرول پمپ مالکان سے ضبط کر کے اُسے دوبارہ فروخت کرنا نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ عوام کے ساتھ ناانصافی بھی ہے۔ اگر یہ پٹرول غیر قانونی تھا تو اسے ضائع کیا جانا چاہیے تھا، اور اگر قانونی تھا تو پھر ضبط کیوں کیا گیا؟ یہ عمل بدعنوانی کی نشاندہی کرتا ہے، اعلیٰ حکام سے مطالبہ ہے کہ تحقیقات کر کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں