ایشیز سیریز: انگلینڈ نے آسٹریلیا میں 15 سال بعد ٹیسٹ جیت لیا

انگلینڈ نے ہفتے کو ایشیز کے چوتھے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو چار وکٹوں سے شکست دے دی۔ 

میلبرن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) میں کھیلے گئے ایشیز سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے 175 رنز کا ہدف چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں  آسٹریلیا کو انگلینڈ پر 1-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔ آسٹریلوی ٹیم نے باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ میچ کی پہلی اننگز میں 152 اور دوسری اننگز میں 132 رنز بنائے تھے۔

انگلینڈ کے بلے باز جو روٹ نے اپنی ٹیم کی طویل عرصے بعد حاصل ہونے والی جیت کو مشکل پچ پر حالات کے مطابق ڈھلنے اور اعصاب کی فتح قرار دیا ہے۔

انگلینڈ اس سیریز کے پہلے تینوں میچ ہار چکا ہے لیکن چوتھے ٹیسٹ میں 175 رنز کا ہدف چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے اس نے 15 سال بعد آسٹریلیا کی سرزمین پر پہلی ٹیسٹ جیت درج کر لی ہے۔

انگلینڈ کے سابق کپتان جو روٹ نے میزبان براڈکاسٹر فوکس سپورٹس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’واضح طور پر پچ کی صورت حال کی وجہ سے یہ ٹیسٹ میچ بہت تیزی سے آگے بڑھا، لیکن میرا خیال ہے کہ ہم نے خود کو حالات کے مطابق ڈھالا اور جب بھی موقع ملا اس سے بھرپور فائدہ اٹھایا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’آج ہم نے بیٹنگ کے دوران جرات کا مظاہرہ کیا اور یہی وجہ ہے کہ ہم یہ ٹیسٹ میچ جیتنے میں کامیاب رہے۔‘

ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کے بلے بازوں نے شروع میں تیزی دکھائی لیکن آسٹریلیا کے مضبوط بولنگ اٹیک نے انہیں جیت کے لیے کافی تگ و دو کرائی۔ آخری اوورز میں ہیری بروک اور جیمی سمتھ کے صبر و تحمل نے میچ کا فیصلہ کر دیا، جس کی بدولت انگلینڈ نے سیریز میں خسارہ کم کر کے 1-3 کر دیا ہے۔ اس جیت نے شائقین کو سڈنی میں ہونے والے آخری ٹیسٹ سے بھی امیدیں دلا دی ہیں۔

جو روٹ کا کہنا تھا کہ ’ہم اپنے مداحوں کی حمایت کے معاملے میں بہت خوش قسمت ہیں۔ اتنی بڑی تعداد میں لوگ دنیا کے دوسرے کونے سے اس ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے یہاں آئے ہیں۔ وہ ہر جگہ ہمارے ساتھ ہوتے ہیں اور ہمیں خوشی ہے کہ وہ اس جیت میں ہمارے ساتھ شریک ہیں۔‘

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

جیکب بیتھل، جنہوں نے اپنے پانچویں ٹیسٹ میں چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے 46 گیندوں پر 40 رنز بنا کر اس جیت میں اہم کردار ادا کیا، انہوں نے کہا کہ وہ اعصاب شکن آخری دن ٹیم کی فتح میں حصہ ڈالنے پر بہت خوش ہیں۔

بیتھل نے کہا کہ ’میچ پر اثر انداز ہونا اور اس سے بڑھ کر جیت میں اپنا حصہ ڈالنا بہت اچھا احساس تھا۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ اس میچ کا ماحول ان کے اب تک کے تجربات سے بالکل مختلف تھا۔ ’یقیناً ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا۔ کل سٹیڈیم میں 93 ہزار اور آج 92 ہزار لوگ موجود تھے، یہ واقعی بہت یادگار تھا۔‘

ایشز سیریز کا پانچواں اور آخری میچ پانچ جنوری کو سڈنی میں کھیلا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں