پیپلزپارٹی نے خواجہ آصف کے 18ویں ترمیم سے متعلق بیان پر وضاحت مانگ لی

اسلام آباد (این این آئی) پیپلزپارٹی نے وزیر دفاع خواجہ آصف کے 18 ویں ترمیم سے متعلق بیان پر حکومت سے وضاحت مانگ لی۔قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف نے کراچی گل پلازا آگ کی بات کی اور ساتھ اٹھارھویں ترمیم لے آئے، اب آپ میونسپل سروس کو بھی وفاق کو دینا چاہتے ہیں تو اللّٰہ خیر کرے۔سید نوید قمر نے کہا کہ آپ نے ملک کے ساتھ بہت تجربے کیے، ہر تجربے کے ساتھ ملک کو آدھا کیا، آپ کہتے ہیں صوبوں کے وسائل پکڑ کر مرکز کو دو۔پیپلز پارٹی کے ایم این اے نے کہا کہ وفاق سے درخواست کرتا ہوں کہ تجربہ کرنا بند کرے، حکومت اہم آئینی معلامات پر اور لوگوں کی فلاح پر توجہ دیں۔ سید نوید قمر نے کہا کہ (ن)لیگ کے پارلیمانی لیڈر خواجہ آصف کے گزشتہ روز بیان کو حکومت کا پالیسی بیان سمجھیں گے اس پر وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ہماری ذاتی آراء ہوتی ہیں، انہیں ذاتی آراء کے طور پر ہی لیا جائے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے 18ویں آئینی ترمیم کو ڈھکوسلا قرار دیا تھا۔خواجہ آصف نے سانحہ گل پلازا پر افسوس کا اظہار کیا اور اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی نہ ہونے پر 18ویں ترمیم کو ڈھکوسلا قرار دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں