سبی (رپورٹر) نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان علی احمد لانگو اور جنرل سیکرٹری کوئٹہ ریاض زہری نے نیشنل پارٹی سبی آفس میں، نیشنل پارٹی سبی کے صدر میر اسلم گشکوری، یار جان بنگلزئی، محمد خان سیلاچی، میر مجتبیٰ تینو اور کامریڈ ہدایت رسول سمیت دیگر رہنماؤں اور کارکنوں سے تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات میں سبی کی تنظیمی صورتحال، درپیش عوامی مسائل اور مجموعی ملکی سیاسی حالات پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔اس موقع پر نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان علی احمد لانگو نے کہا کہ سبی قدیم اور تاریخی شہر ہے، مگر بدقسمتی سے یہ شہر آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ شہر میں نہ مناسب انفراسٹرکچر موجود ہے، نہ تعلیم اور صحت کی سہولیات کا مؤثر نظام ہے اور نہ ہی روزگار کے مواقع میسر ہیں، جس کی وجہ سے عوام شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حقیقی نمائندگی صرف وہی سیاسی کارکن کر سکتے ہیں جو عوام کے درمیان رہ کر ان کے مسائل کو سمجھتے اور ان کے حل کے لیے جدوجہد کرتے ہیں۔ سبی کے عوام کو روایتی عناصر و سیاست سے باہر نکل کر باشعور اور مثبت سیاسی تبدیلی کا حصّہ بننا ہوگا۔نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان علی احمد لانگو نے کہا کہ بلوچستان کے ساحل وسائل کو ملکی معشیت کے لیے اہم و گیم چینجر کہا جاتا ہے اور ان وسائل سے ملک کے دیگر حصوں کو ترقی سے فیضیاب کیا جاتا ہے۔لیکن بلوچستان میں ترقی تو دور کی بات بنیادی ضروریات و سہولیات میسر نہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی وزراء و اراکین بلوچستان کے ساتھ ناانصافیوں و غلط پالیسیوں پر اگر سنجیدہ بحث و مباحثہ کرتے تو اس وقت بلوچستان میں محرومی و مایوسی نہیں ہوتی انہوں نے کہا کہ اب بھی جذباتی تقریریں کرنے سے نہیں بلکہ بلوچستان کے قومی وسائل پر عوام کی حق حاکمیت کو تسلیم کرنے سے بلوچستان میں امن و ترقی آئے گا۔ منصفانہ پالیسیاں اور مقامی آبادی کی حقیقی نمائندگی کو یقینی بنانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی ملک کو سیکورٹی اسٹیٹ سے فلاحی ریاست، عوام کے حقوق، جمہوریت کی بحالی پارلیمان کی بالادستی انصاف پر مبنی عدلیہ و نظام آزادی اظہار رائے آزاد میڈیا اور شفاف انتخابات کی جدوجہد کو منظم انداز سے جاری رکھے گی۔

