اوتھل،ماہ رمضان کی آمد کیساتھ ہی مہنگائی نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کردیا

اوتھل (این این آئی) اوتھل میں ماہ رمضان کی آمد کے ساتھ ہی مہنگائی نے ایک بار پھر عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ رمضان المبارک کی آمد سے قبل آٹے کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ جہاں 40 کلو گرام آٹے کی بوری کی قیمت 5000 روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔ قیمتوں میں اس اچانک اضافے نے خصوصاً دہاڑی دار مزدوروں اور کم آمدنی والے طبقے کو شدید متاثر کیا ہے، جن کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی دشوار ہوتا جا رہا ہیشہریوں کا کہنا ہے کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ متعلقہ انتظامیہ کی جانب سے قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیئے مؤثر اقدامات دکھائی نہیں دے رہے۔ آٹے جیسی بنیادی ضرورت کی قیمت میں ہوشربا اضافے نے متوسط اور غریب طبقے کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔جس کے باعث گھریلوبجٹ بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔عوامی و سماجی حلقوں نے وفاقی، صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ رمضان المبارک سے قبل فوری طور پر سستے بازاروں کا قیام عمل میں لایا جائے اور مستحق و نادار خاندانوں میں مفت راشن کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے، تاکہ ضرورت مند افراد کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر آٹے اور دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں میں بروقت کمی نہ کی گئی تو رمضان المبارک کے دوران عوام کو شدید معاشی دباؤ اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مؤثر اور دیرپا اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو مقدس مہینے میں زیادہ سے زیادہ سہولت اور ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں