اسحاق ڈار فلسطین کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اعلیٰ سطح کے بریفنگ اجلاس میں شرکت کیلئے 18 فروری کو نیویارک کا دورہ کرینگے

اسلام آباد (این این آئی)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار فلسطین کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اعلیٰ سطح کے بریفنگ اجلاس میں شرکت کے لئے 18 فروری کو نیویارک کا دورہ کریں گے۔منگل کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق اس اجلاس کی صدارت برطانیہ کی وزیر خارجہ سلامتی کونسل کی صدر کی حیثیت سے کریں گی۔بریفنگ کے دوران نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار فلسطین پر پاکستان کے اصولی اور مستقل موقف کا اعادہ کریں گے۔ وہ مغربی کنارے پر اپنا کنٹرول بڑھانے کے اسرائیل کے حالیہ غیر قانونی فیصلوں کی پاکستان کی جانب سے شدید مخالفت کا اعادہ کریں گے۔ غزہ میں مستقل جنگ بندی کی ضرورت، سلامتی کونسل کی قرارداد 2803 پر مکمل عملدرآمد، انسانی امداد میں اضافے اور غزہ کی بحالی و تعمیرِ نو کے جلد آغاز پر زور دیں گے۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ بین الاقوامی اور علاقائی شراکت داروں، بشمول ”گروپ آف ایٹ“ عرب و اسلامی ممالک اور امریکہ کے ساتھ پاکستان کے مسلسل رابطوں کو بھی اجاگر کریں گے تاکہ بین الاقوامی قانون کے مطابق ایک منصفانہ اور دیرپا امن کے قیام کی حمایت کی جا سکے۔ اس امن کا مقصد فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کا حصول اور 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی ایک آزاد، خودمختار اور مربوط فلسطینی ریاست کا قیام ہے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔اس دورے کے دوران نائب وزیر اعظم ووزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اپنے ہم منصبوں کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے جن میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں