میر کبیر احمد محمدشہی کی آغا موسیٰ جان بلوچ کے فارم ہاؤس پر حملے کی مذمت

قلات (رپورٹر) نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میر کبیر احمد محمدشہی نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر آغا موسی جان بلوچ کے قلات میں واقع فارم ہاوس میں مسلح افراد کی جانب سے توڑپھوڑ، املاک کو نقصان پہنچانے, عملے پر تشدد اور قیمتی اشیاء ساتھ لے جانے کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ بلوچستان میں امن و امان کی مخدوش صورتحال اور حقیقی سیاست کی گنجائش مسلسل سکڑنے کی عکاسی کرتا ہے۔ بلوچستان کی روایات میں چاردیواری کا تقدس بنیادی اہمیت کا حامل رہا ہے مگر کچھ عرصہ سے بلوچستان میں تواتر سے ایسے واقعات کا پیش آنا نہایت تشویشناک اور حالات کی سنگینی کی عکاسی کرتا ہے۔ آغا موسی جان بلوچ ایک خیرخواہ قبائلی شخصیت اور سینئر قوم دوست سیاستدان ہیں اور ان کے ساتھ ایسا واقعہ پیش آنا ایک لمحہ فکریہ ہے۔ ایسے گھناونے ہتھکنڈوں سے بلوچ رہنماوں کو قومی جمہوری جدوجہد سے دستبردار نہیں کرایا جاسکتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں