کوئٹہ (این این آئی)جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی نائب امیر و امیر ضلع کوئٹہ شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس،سینئر نائب امیر مولانا خورشیداحمد، حاجی بشیراحمد کاکڑ، سیکرٹری اطلاعات حافظ عبدالغنی شہزاد، عبدالصمد حق یار، مفتی محمد ابوبکر، عبدالباری شہزاد، مولانا جمال الدین حقانی، مفتی رشیداحمد حقانی، حاجی عطاء محمد شمشوزئی اور دیگر رہنماؤں نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں کوئٹہ شہر میں گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ اور انتہائی کم پریشر پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ طویل لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کے باعث گھریلو نظام بری طرح مفلوج ہوچکا ہے بالخصوص افطاری اور سحری کے اوقات میں کھانا پکانا عوام کے لیے شدید اذیت بن گیا ہے۔ گیس کی عدم دستیابی کے باعث شہری مجبوراً لکڑیاں اور دیگر غیر محفوظ ذرائع استعمال کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے باسیوں کو رمضان جیسے بابرکت مہینے میں بنیادی سہولت سے محروم رکھنا نہایت افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔ یہ صورتحال حکومتی نااہلی بے حسی اور ناقص منصوبہ بندی کا واضح ثبوت ہے جس نے عوام کو شدید ذہنی دباؤ اور مشکلات میں مبتلا کردیا ہے۔ بیان میں کہاگیا کہ گیس بحران نے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز کردیا ہے۔ اگر فوری طور پر گیس لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ اور پریشر کی بحالی یقینی نہ بنائی گئی تو عوامی ردِعمل کا ذمہ دار متعلقہ ادارے اور حکومتی حکام ہوں گے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ذمہ دار حکام ہوش کے ناخن لیتے ہوئے عوامی مشکلات کا فوری نوٹس لیں اور رمضان المبارک کے دوران بلا تاخیر کوئٹہ کے شہریوں کو گیس کی فراہمی یقینی بنائیں۔

