ضلع گوادر کے 5 ہائی اسکولز میں ہیڈ ماسٹرز و ہیڈ مسٹریس کی عدم تعیناتی

گوادر (این این آئی)ضلع گوادر کے 5 ہائی اسکولز میں ہیڈ ماسٹرز و ہیڈ مسٹریس کی عدم تعیناتی، اساتذہ کا ایک سال سے ڈی ڈی او پاور نہ ہونے کے باعث تنخواؤں کے بلز اور اریئرز التوا کا شکار، جی ٹی اے ضلعی صدر حنیف محمد نے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن ضلع گوادر کے ضلعی صدر حنیف محمد نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ضلع گوادر کے پانچ ہائی و ہائیر سیکنڈری اسکولوں میں گزشتہ ایک سال سے ہیڈ ماسٹرز اور ہیڈ مسٹریس کی عدم تعیناتی اور ڈی ڈی او پاور نہ ہونے کے باعث اساتذہ شدید مالی و انتظامی مشکلات کا شکار ہیں۔انہوں نے بتایا کہ متاثرہ تعلیمی اداروں میں گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول جیوانی، بوائز ہائی اسکول اسلامیہ لائن اورماڑہ، گرلز ہائی اسکول کلگ، گرلز ہائی اسکول اورماڑہ اور گرلز ہائر سیکنڈری اسکول سربندر شامل ہیں،حنیف محمد نے کہا ان اسکولوں میں مستقل سربراہان کی عدم تعیناتی اور ڈی ڈی او پاور کسی متبادل افسر کو تفویض نہ کرنے کے باعث اساتذہ کے تنخواہوں، نئے بھرتی ہونے والے اساتذہ کی ادائیگیوں، ٹائم اسکیل کیسز، اریئر بلز، اپ گریڈیشن اور سروس بک سے متعلق امور کئی ماہ سے زیر التوا ہیں۔ جس کے نتیجے میں اساتذہ کو شدید مالی پریشانی کا سامنا ہے، خصوصاً ماہِ مبارک اور آنے والی عید کے پیش نظر ان مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے،انہوں نے کہا کہ انتظامی سربراہ نہ ہونے کی وجہ سے اسکول بھی مالی بحران کا شکار ہیں اور بعض اداروں میں بنیادی تدریسی سہولیات تک میسر نہیں، حتیٰ کہ لکھنے کے لیے مارکر بھی دستیاب نہیں۔ ان حالات سے تعلیمی نظام کی سنگینی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے،ضلعی صدر جی ٹی اے نے حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر مذکورہ اسکولوں میں ہیڈ ماسٹرز اور ہیڈ مسٹریس تعینات کیے جائیں یا عارضی طور پر کسی سینئر ایس ایس ٹی یا قریبی اسکول کے ہیڈ کو ڈی ڈی او پاور سونپی جائے تاکہ اساتذہ اور تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل حل ہو سکیں،انہوں نے کہا کہ اگر عید سے قبل مسئلہ حل نہ کیا گیا تو جی ٹی اے ضلع گوادر اساتذہ کو بے یار و مددگار نہیں چھوڑے گی بلکہ عید کے بعد اساتذہ کی مشاورت سے سخت احتجاجی لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں