عمران یونس:پنجاب یونیورسٹی نے کیمپس میں سکیورٹی کے سخت اقدامات نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
رجسٹرار یونیورسٹی ڈاکٹر احمد اسلام کی جانب سے فوری سکیورٹی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ تمام کیمپسز، ہاسٹلز اور رہائشی کالونیوں میں سکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جس کے تحت داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ اور مکمل ویری فکیشن لازمی قرار دی گئی ہے۔
شام اور رات کے اوقات میں ہاسٹل سکیورٹی بڑھانے، بس سٹاپس، ٹرانسپورٹ روٹس اور پارکنگ ایریاز کی کڑی نگرانی کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ بس سٹاپس پر غیر ضروری قیام اور ہجوم کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ مشکوک سرگرمی یا لاوارث اشیاء کو فوری رپورٹ کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔
تمام ڈینز، چیئرمینز اور شعبہ جاتی سربراہان کو ہنگامی بنیادوں پر ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔

