جنید ریاض:صوبہ بھر میں آٹھویں بورڈ کے امتحانات 9 مارچ سے شروع ہورہے ہیں، تاہم سینکڑوں طلباء کو ابھی تک رول نمبر سلپ جاری نہیں کی جاسکی۔
ذرائع کے مطابق پیکٹاء نے اینرولمنٹ کے ریکارڈ کی بنیاد پر رول نمبر سلپ جاری کی ہیں، لیکن اکتوبر کے بعد سکولوں میں داخل ہونے والے طلباء کو سلپ فراہم نہیں کی گئی۔
رول نمبر سلپ نہ ملنے پر طلباء اور والدین شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ امیدوار بغیر رول نمبر سلپ بھی امتحانی مراکز میں بیٹھ سکیں گے اور انہیں متعلقہ سکول کے اساتذہ کے ساتھ جا کر اپنی انٹری کروانی ہوگی۔
آٹھویں بورڈ کے امتحان میں مجموعی طور پر تقریباً 10 لاکھ امیدوار حصہ لیں گے، اور امتحانات کے سلسلے میں تعلیمی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

