عمران یونس:خواتین کو جدید ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنے کیلئے پنجاب آئی ٹی بورڈ نے خصوصی تربیتی پروگرام شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے اور اس کے لیے رجسٹریشن کا باقاعدہ آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔
اس پروگرام کے تحت خواتین کو ای کامرس ود اے آئی اور اے آئی ڈیجیٹل مارکیٹنگ ود فری لانسنگ جیسے جدید کورسز کرائے جائیں گے تاکہ وہ ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھ سکیں اور آن لائن روزگار کے مواقع حاصل کر سکیں۔
حکام کے مطابق خواتین امیدوار ان اسپیشلائزڈ کورسز میں داخلے کے لیے درخواست دے سکتی ہیں۔ یہ آن لائن کورسز دو ماہ پر مشتمل ہوں گے جبکہ ان کی فیس 25 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
چیئرمین پی آئی ٹی بی فیصل یوسف کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کے ذریعے خواتین کو جدید ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کیا جا رہا ہے تاکہ وہ ٹیکنالوجی اور فری لانسنگ کے شعبے میں بہتر مواقع حاصل کر سکیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ خواتین امیدوار پی آئی ٹی بی کی ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن رجسٹریشن کرا سکتی ہیں اور کامیاب امیدواروں کو جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں عملی تربیت فراہم کی جائے گی۔

