صحبت پور(رپورٹر)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے ویژن پڑھا لکھا بلوچستان کے تحت ضلع صحبت پور میں بچوں کے اسکولوں میں داخلے کی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر صحبت پور محترمہ فریدہ ترین نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر صحبت پور پنھل خان اور و ہیڈ مسٹریسز، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول صحبت پور میڈم زاہدہ پروین بھی شامل تھیں، کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا ڈپٹی کمشنر صحبت پور محترمہ فریدہ ترین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع انتظامیہ محکمہ تعلیم کے ساتھ مکمل تعاون اور ہم آہنگی کے ساتھ بچوں کی اسکولوں میں داخلہ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال ضلع صحبت پور میں 7909 بچوں کو اسکولوں میں داخل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ اس مہم کے دوران اساتذہ، تعلیمی افسران اور ضلعی انتظامیہ مشترکہ طور پر مختلف علاقوں کا دورہ کریں گے، والدین سے ملاقاتیں کریں گے اور انہیں تعلیم کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کریں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو اسکولوں میں داخل کرایا جا سکے ڈپٹی کمشنر نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کے روشن مستقبل کے لیے انہیں لازمی طور پر اسکول بھیجیں اور تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں ان کا کہنا تھا کہ تعلیم یافتہ معاشرہ ہی ترقی خوشحالی اور قومی استحکام کی ضمانت ہوتا ہے انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم کی مشترکہ کوششوں سے داخلہ مہم کو ہر صورت کامیاب بنایا جائے گا تاکہ ضلع صحبت پور میں زیادہ سے زیادہ بچے تعلیم حاصل کر سکیں اور ایک باشعور اور محب وطن معاشرے کی تشکیل ممکن ہو سکے۔

