جنید ریاض: محکمہ اسکول ایجوکیشن نے پنجاب بھر میں سالانہ امتحانات کے نظام کو مزید شفاف اور مؤثر بنانے کے لیے نئی ہدایات اور ایس او پیز جاری کر دئیے ہیں،جاری کردہ ہدایات کے مطابق امتحانی پرچوں کی مارکنگ کے عمل کو سخت نگرانی میں رکھا جائے گا تاکہ نتائج کی درستگی اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق پنجاب بھر سے 25 فیصد سکولوں کے پیپرز کو سکول بیسڈ اسیسمنٹ کے تحت علیحدہ نظام کے ذریعے ویلیڈیشن کے لیے منتخب کیا جائے گا، اس عمل کا مقصد امتحانی نتائج کی درستگی کی جانچ کرنا ہے۔
حکام نے تمام سکول سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ وہ اسیسمنٹ سے متعلق مکمل ریکارڈ محفوظ رکھیں، اگر کسی سکول میں غلط مارکنگ یا نتائج کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کی شکایت سامنے آئی تو متعلقہ سربراہان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
محکمہ کے مطابق جعلی یا من گھڑت نتائج تیار کرنے والے سکولوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جبکہ حقیقی اور درست نتائج دینے والے سکول سربراہان کی حوصلہ افزائی بھی کی جائے گی۔
مزید ہدایات میں کہا گیا ہے کہ سرکاری اور آؤٹ سورسڈ سکولوں میں امتحانی نظام کو خفیہ اور شفاف رکھا جائے، آٹھویں جماعت کے امتحانات کے پرچوں کی مارکنگ کے معیار کو پیکٹا آزادانہ طور پر چیک کرے گا۔
محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق ڈی پی آئیز، ڈائریکٹرز اور سی ای اوز کی کارکردگی کا جائزہ بھی اسیسمنٹ چیکنگ کے معیار کی بنیاد پر لیا جائے گا۔

