کراچی (اسٹاف رپورٹر) اوکھائی میمن جماعت کے زیر اہتمام جامع مسجد امِ کلثوم و مدرسہ دارالاحمد تدریس القرآن کراچی کے ننھے طلبہ کی جانب سے حفظِ قرآن کریم کے مسابقہ میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے کے اعزاز میں شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی بزرگ عالمِ دین، جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما اور سابق رکن صوبائی اسمبلی خیبر پختونخوا مولانا مفتی کفایت اللہ تھے۔تفصیلات کے مطابق اوکھائی میمن جماعت کی جانب سے مرحوم عبدالستار حاجی محمد جکھورا کی یاد میں بین الاقوامی سطح پر طلبہ کے درمیان حفظِ قرآن کریم مع التجوید کا مسابقہ منعقد کیا گیا، جس میں جامع مسجد امِ کلثوم و مدرسہ دارالاحمد تدریس القرآن کراچی کے چار طلبہ نے نمایاں کامیابی حاصل کی۔ ان طلبہ میں عبداللہ حفیظ پاستا نے پہلی پوزیشن، احمد جاوید داوڑہ نے دوسری پوزیشن جبکہ عبدالرحمن محمد فیضان جیوانی اور محمد شریم محمد یامین گناترا نے تیسری پوزیشن حاصل کر کے ادارے کا نام روشن کیا۔ اس کامیابی کے پیچھے اساتذہ، والدین اور معاونین کی دعائیں، محنت اور اخلاص شامل ہیں۔ادارے کے سرپرست مولانا پیر عبدالماجد نقشبندی، مہتمم قاری محمد خالد اور ناظمِ تعلیمات مولانا عادل نے اوکھائی میمن جماعت کے اس بہترین اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ بعض لوگ اپنے مرحومین کے نام پر کرکٹ یا فٹبال ٹورنامنٹس منعقد کرتے ہیں، جبکہ اوکھائی میمن جماعت نے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں قرآن کریم کے مسابقہ کا انعقاد کر کے ایک مثالی قدم اٹھایا ہے جو دیگر قوموں اور اداروں کے لیے قابلِ تقلید نمونہ ہے۔اسی اعزاز کی خوشی میں مدرسہ امِ کلثوم میں ہفتہ کے روز ایک عظیم الشان تقریب منعقد کی گئی جس کے مہمانِ خصوصی مولانا مفتی کفایت اللہ تھے۔ ان کی آمد پر مدرسہ کے مہتمم قاری محمد خالد، مولانا محمد عادل، اساتذہ، طلبہ، اہلِ علاقہ اور دینی و سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔اپنے خطاب میں مولانا مفتی کفایت اللہ نے کہا کہ دینی مساجد اور مدارس اسلام کے قلعے ہیں اور ان سے وابستہ افراد خوش نصیب ہیں جو قرآن کریم اور علومِ اسلامیہ کی اشاعت میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ، ان کے اساتذہ، والدین اور معاونین کو مبارکباد پیش کی۔تقریب میں مفتی کفایت اللہ کے ہمراہ ضلع کورنگی کے جنرل سیکرٹری قاری فیض الرحمن عابد، مولانا نفیس الحسن عباسی، مقامی ائمہ کرام، اہلِ علاقہ اور جماعتی احباب کی بڑی تعداد شریک تھی۔ تقریب مولانا پیر عبدالماجد نقشبندی کی سرپرستی میں منعقد ہوئی، جبکہ اس موقع پر بہترین انداز میں افطار اور طعام کا بھی اہتمام کیا گیا۔علاقے کے عوام، سیاسی، سماجی، مذہبی اور سول سوسائٹی کے رہنماؤں نے مدرسہ دارالاحمد تدریس القرآن کے مہتمم قاری محمد خالد، مولانا عادل، اساتذہ اور والدین کی دینی و تعلیمی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔یاد رہے کہ اسی ادارے کے طالب علم عبیداللہ بن محمد قاسم مرکٹیا نے بھی مسابقہ میں نمایاں پوزیشن حاصل کی۔

