عمران یونس:صوبہ بھر کے کالجز میں تعلیم اور انتظامی امور کو بہتر بنانے کے لیے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ (ایچ ای ڈی) نے بہترین کالجز، پرنسپلز اور اساتذہ کے نام جاری کر دیے ہیں۔
یہ نام متعلقہ اداروں اور افراد کی بہترین کارکردگی کی بنیاد پر منتخب کیے گئے ہیں۔
جاری کردہ لسٹ میں 306 اساتذہ کے نام شامل ہیں، جنہوں نے تدریسی معیار اور طلباء کی تربیت میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ لاہور سے تعلق رکھنے والے 39 اساتذہ کو بھی بہترین قرار دیا گیا ہے۔
شہر کے کالجز کے حوالے سے رپورٹ کے مطابق 3 کالجز سمیت مجموعی طور پر 28 کالجز کو بہترین قرار دیا گیا ہے، جبکہ شہر کے 4 پرنسپلز سمیت مجموعی طور پر 28 پرنسپلز کو ان کے انتظامی امور اور قیادت کی بنیاد پر سراہا گیا ہے۔
ایچ ای ڈی کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات تعلیمی معیار کو بڑھانے، طلباء کو بہتر ماحول فراہم کرنے اور کالجز میں انتظامی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ اس منصوبے کا مقصد تعلیمی اداروں میں مثبت مقابلہ پیدا کرنا اور بہترین کارکردگی دکھانے والے اساتذہ اور اداروں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

