اور اب قطر نشانے پہ‎

وسعت اللہ

قطر نے ان ’’انکشافات‘‘ کو یکسر جعلی اور امریکا اور قطر کے خصوصی تعلقات میں شگاف ڈالنے اور فلسطینیوں کو کسی بھی طرح کی علاقائی ثالثی اور مدد سے مکمل محروم کرنے کی سستی سازش قرار دیا ہے۔

قطر اگر یہ وضاحت نہ بھی کرتا تو مجھ جیسے عقل سے پیدل کے ذہن میں بھی یہ ’’انکشافات‘‘ پڑھنے کے بعد پہلا سوال یہی آیا کہ وہ اسرائیل جو ہائی ٹیک دنیا کا جانا مانا لیڈر ہے مگر اس کے پاس ایک بھی اچھا اسکرپٹ رائٹر نہیں جو جھوٹ کو سچ کا ایسا لبادہ پہنا سکے جس پر پوری نہیں تو کم ازکم آدھی دنیا تو یقین کر ہی لے۔

ان ’’انکشافات‘‘ کے پیچھے اصل کہانی یہ ہے کہ ان دنوں عدلیہ کے حکم پر اسرائیلی تفتیشی ادارے نیتن یاہو کے اسٹاف کے دو ارکان سے اس بارے میں پوچھ گچھ کر رہے ہیں کہ انھوں نے اسرائیلی میڈیا میں مصر کی ساکھ نیچے کرنے اور قطر کا امیج ابھارنے کے لیے قطری حکام سے پیسے لیے ہیں۔

’’قطر گیٹ‘‘ کے ملزموں میں وزیرِ اعطم نیتن یاہو کے سابق مشیر جوناتھن اوریک اور سابق ترجمان ایلی فیلڈشٹائن ہیں۔ان کے خلاف منی لانڈرنگ، رشوت، فراڈ، غیر ملکی ایجنٹوں سے روابط اور سرکاری اعتماد پامال کرنے کے الزامات بھی زیرِ تفتیش ہیں۔

خود ان دونوں ملزموں کے باس نیتن یاہو کو بھی کرپشن کے متعدد سنگین الزامات کا سامنا ہے۔اگر وزیرِ اعظم سرکاری عہدے پر نہ رہیں تو جیل بھی جا سکتے ہیں۔اسی لیے بقول اسرائیلی حزبِ اختلاف اپنی گردن بچانے کے لیے نیتن یاہو ہر صورت میں جنگی ماحول برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔

قطر پر تازہ الزامات کا تعلق نیتن یاہو کے اسی ’’کھال بچاؤ‘‘ ڈرامے سے ہے۔مگر ان الزامات میں اس لیے بھی دم نہیں لگتا کہ سب دنیا جانتی ہے کہ قطر ان چند ممالک میں شامل ہے جو فلسطینی اتھارٹی کو اپنے پاؤں پر کھڑا رکھنے کے لیے اسرائیل کی رضامندی سے مالی امداد دیتے ہیں۔

قطر سات اکتوبر سے پہلے غزہ میں حماس انتظامیہ کے ملازمین کو بطور فلسطینی اتھارٹی کے کارکن تنخواہوں کا بجٹ فراہم کرتا رہا ہے۔اس کے علاوہ غزہ میں ایندھن، صحت اور تعلیم کے کئی منصوبے بھی قطر کی امداد سے رواں تھے۔یہ بات بھی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں کہ حماس کی جلاوطن قیادت قطر میں مقیم رہی ہے۔شام کے معزول حکمران بشار الاسد اور ترکی نے بھی حماس کی قیادت کو ملک میں رہنے کی اجازت دی۔یہ راز بھی سب جانتے ہیں کہ ایران اور حزب اللہ حماس کے کھلے حمائیتی ہیں۔ قطر کی شام اور لیبیا سمیت مختلف عرب ریاستوں میں اپنی حامی ملیشیاؤں کی پشت پناہی بھی کسی سے پوشیدہ نہیں۔

ساتھ ہی ساتھ قطر امریکی سینٹرل کمانڈ کا ہیڈ کوارٹر ہے۔ٹرمپ کے حالیہ دورے میں قطر اور امریکا کے درمیان ایک اعشاریہ دو کھرب ڈالر کے اقتصادی اور دفاعی خریداری کے معاہدوں پر دستخط ہوئے۔قطر نے امریکی صدر کو ایک طیارہ ’’بطور ایرفورس ون‘‘ تحفے میں پیش کیا۔ایسے میں اسرائیلی ذرایع ابلاغ میں حماس کی ’’دھشت گردی‘‘ میں قطری سرمایہ کاری کی خبریں کامیڈی کے اس ادنی معیار پر بھی پوری نہیں اتر رہیں جن پر کوئی بھی شخص ہنسنا تو دور بمشکل مسکرا بھی سکے

اپنا تبصرہ بھیجیں