لسبیلہ، رانا بھٹ میں خسرہ کی وبا بے قابو، درجنوں متاثر، محکمہ صحت غائب

لسبیلہ(بیوروچیف)وندر، رانا بھٹ میں خسرہ کی مہلک وبا پھوٹ پڑی درجنوں افراد مبتلا ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق تحصیل سونمیانی وندر کے نواحی علاقے رانا بھٹ میں خسرہ کی مہلک وبا خطرناک حد تک شدت اختیار کر گئی ۔ وبا کے پھیلنے کے باعث متعدد افراد جن میں مرد ، خواتین اور بالخصوص کمسن بچے شامل ہیں کو تیز بخار ، سرخ دھبے ، کھانسی ، گلے کی خارش ، سانس لینے میں سخت دشواری ، آنکھوں کی سوجن اور جسمانی کمزوری جیسی تکلیف دہ علامات کا سامنا ہے ۔ جبکہ کئی خاندان اپنے پیاروں کی حالت دیکھ کر بے بسی کی تصویر بنے بیٹھے ہیں ۔ علاقے سے موصول ہونے والی اطلاع کے مطابق محکمہ صحت خاموش تماشائی بنا ہوا ہے علاقے میں نہ کوئی میڈیکل ٹیم پہنچ سکی ہے نہ ہی کوئی ویکسینیشن کا آغاز کیا گیا ہے ۔ بچوں کی حالت زار کو دیکھ کر کئی غریب خاندان کے والدین علاج کے اخراجات پورے کرنے کے لیے اپنے زیورات گھر میں جمع پونجی اور مال مویشی بیچ کر حب اور کراچی کے مہنگے اسپتالوں کا رخ کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔ علاقے کے لوگوں کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اب تک کوئی مؤثر اقدام سامنے نہیں آرہا اور نہ ہی سرکاری سطح پر طبی ٹیموں کو علاقے میں بھیجا گیا ہے جس سے مزید صورتحال ابتر ہوتی جا رہی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقے کی سرکاری بنیادی صحت کے مراکز میں نہ ادویات موجود ہیں اور نہ ہی کوئی ڈاکٹر جس کی وجہ سے علاقے کے غریب لوگ اپنے بچوں کو لے کر پرائیویٹ کلینکس کے چکر کاٹنے پر مجبور ہیں ۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ضلع حب سے پرزور مطالبہ کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ رانا بھٹ میں ہنگامی بنیادوں پر خسرہ ویکسینیشن سمیت علاقے میں عارضی میڈیکل کیمپ لگا کر مفت ادویات و علاج کی سہولیات مہیا کی جائے تاکہ تیزی سے پھیلنے والی خسرہ کی مہلک وبا پر جلد قابو کیا جا سکے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں