اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔وزیر اعلی کے پی علی امین گنڈاپور جسٹس منصور علی شاہ کی عدالت میں پیش ہوئے۔جسٹس منصور علی شاہ نے علی امین گنڈاپور سے مخاطب ہو کر کہا کہ جوڈیشل سائیڈ پر کچھ نہیں کر سکتے، آپ نے غلط دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ چیف جسٹس یحیی آفریدی پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کے چیئرمین ہیں، چیف جسٹس یحیی آفریدی یا رجسٹرار سپریم کورٹ سے رجوع کریں، یہی بہترین طریقہ ہے،آپ کا وقت بچے گا۔وزیر اعلی کے پی علی امین گنڈاپور نے روسٹرم پر آکر کہا کہ بجٹ منظوری کا پراسس اسمبلی میں چل رہا ہے، پارٹی سربراہ کا ایک ویژن ہوتا ہے، ہماری بار بار کی درخواست کے باوجود بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کروائی گئی۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ تحریک انصاف کی بجٹ کمیٹی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرے گی، بانی پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ کو خط بھی لکھا تھا، خط پر چیف جسٹس یحیی آفریدی نے بڑے اچھے ریمارکس دیے تھے۔انہوں نے کہا کہ خط کے ساتھ بانی پی ٹی آئی نے ثبوت بھی لگائے تھے، بانی پی ٹی آئی کے خط پر کوئی عمل نہیں ہوا۔

