دانش اسکولز اتھارٹی،2027 کے داخلوں کا آغاز، آخری تاریخ 12 نومبر مقرر

وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے تحت دانش اسکولز اتھارٹی نے سال 2027 کے داخلوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں قائم دانش اسکولز کے کیمپسز میں چھٹی، ساتویں اور آٹھویں جماعت کے داخلوں کے لیے درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں۔

داخلہ فارم جمع کروانے کی آخری تاریخ 12 نومبر 2026 مقرر کی گئی ہے، جبکہ داخلہ ٹیسٹ 12 دسمبر 2026، بروز ہفتہ منعقد ہوگا۔ داخلہ ٹیسٹ اور انٹرویو کے مراحل مکمل ہونے کے بعد مستحق طلبہ و طالبات کو داخلہ دیا جائے گا۔

دانش اسکولز میں طلبہ و طالبات کو معیاری تعلیم کے ساتھ رہائش، کھانا، یونیفارم، کتب، کمپیوٹر اور جدید سائنس لیبارٹریز سمیت مختلف سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی۔

داخلے کے خواہش مند طلبہ و طالبات داخلہ فارم دانش اسکولز کی آفیشل ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔ امیدواروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ سے قبل اپنی درخواستیں جمع کروائیں تاکہ داخلہ عمل میں شرکت یقینی بنا سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں