بنگلادیش میں عوامی لیگ کی ایک بار پھر پرتشدد کارروائیاں، محمد یونس کا گھر نذر آتش کردیا

بنگلادیش میں سابق حکمران جماعت عوامی لیگ کے حامیوں کی جانب سے پر تشدد کارروائیوں کے بعد وزیراعظم طارق رحمان نے ملک میں جاری اس بدامنی کا ذمہ دار بھارت کو قرار دیا ہے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ملک میں کشیدگی میں اس وقت سے اضافہ ہوا ہے جب اگست 2024 میں طلبہ تحریک کے نتیجے میں اقتدار سے محروم ہو کر فرار ہونے والی اور بھارت میں جلاوطنی کی زندگی گزارنے والی شیخ حسینہ نے اعلان کیا کہ وہ دسمبر میں وطن واپس آنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

عوامی لیگ نے حکومت کی جانب سے شیخ حسینہ کے نئے پاسپورٹ کی درخواست مسترد کیے جانے کے خلاف ہفتہ بھر جاری رہنے والی احتجاجی مہم اور ریلیوں کے اختتام پر جمعرات کو ملک گیر لاک ڈاؤن کی کال دی تھی۔ خبررساں ایجنسی کے مطابق شٹر ڈاؤن کی یہ کوشش زیادہ تر جنوبی اضلاع میں کامیاب رہی جہاں عوامی لیگ کا اثر و رسوخ سب سے زیادہ ہے۔

وزیر اعظم طارق رحمان نے بنگلادیش سے باہر موجود عوامی لیگ کے رہنماؤں پر تشدد کو ہوا دینے کا الزام عائد کیا ہے اور ان کے خلاف کارروائی کا عزم ظاہر کیا ہے۔

شمالی ضلع لال مونیرہاٹ میں ایک عوامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم طارق رحمان نے کہا کہ عوامی لیگ کے رہنماؤں نے ’بنگلادیش اور اس کے عوام کے مفادات کو کبھی مدنظر نہیں رکھا‘۔

انہوں نے بھارت کا نام لیے بغیر مزید کہا’ساتھ ہی، سرحد پار واقع وہ ملک جہاں وہ فرار ہو کر گئے ہیں، ان کا آقا ہے۔۔۔ اپنے ان آقاؤں کو خوش کرنے کے لیے انہوں نے ایک بار پھر بنگلادیش اور اس کے عوام کے خلاف سازشیں شروع کر دی ہیں‘۔

پولیس کے مطابق بدھ کی شب حکمران جماعت بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی کے دو ارکان کو قتل کر دیا گیا، جبکہ شیخ حسینہ کے آبائی ضلع گوپال گنج میں بی این پی کے دو اراکینِ پارلیمنٹ کے گھروں میں توڑ پھوڑ کی گئی اور گھروں کو آگ لگا دی گئی۔ پولیس نے بتایا کہ عوامی لیگ کے حامیوں نے گوپال گنج میں بعض بازاروں پر بھی حملہ کیا اور کئی دکانوں میں توڑ پھوڑ کی۔

ڈھاکا سے تقریباً 300 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع شہر چٹاگانگ میں عبوری حکومت کے دوران بنگلادیش کے چیف ایڈوائزر رہنے والے محمد یونس کے آبائی گھر کو آگ لگا دی گئی۔ پولیس پولیس کے مطابق بظاہر گراؤنڈ فلور کے ایک غیر استعمال شدہ کمرے میں آتش گیر مادہ پھینکا گیا تھا تاہم بالائی منزلوں پر مقیم ان کے آبائی خاندان کے افراد محفوظ رہے۔

رات بھر جاری رہنے والے واقعات میں ریلوے لائن کے ایک حصے سمیت کم از کم 6 بسوں اور پک اپ وینز کو نذرِ آتش کیا گیا جبکہ 6 اضلاع میں دیسی ساختہ بموں کے دھماکوں کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔

پولیس کے مطابق جمعرات کے روز ڈھاکا-چٹاگانگ شاہراہ پر بھی ایک بس اور ایک ٹرک کو آگ لگا دی گئی تاہم بس کے مسافر محفوظ رہے اور انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

بارڈر گارڈ بنگلادیش کے ترجمان نے بتایا کہ پُرتشدد واقعات کی روک تھام کے لیے 97 پلاٹونز کو 7 اضلاع میں تعینات کر دیا گیا ہے جن میں گوپال گنج اور فرید پور بھی شامل ہیں جہاں شیخ حسینہ کے حامیوں کی بڑی تعداد موجود سمجھی جاتی ہے۔

پولیس کے مطابق دارالحکومت ڈھاکا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران عوامی لیگ اور اس کی ذیلی تنظیموں سے تعلق کے شبہے میں 107 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں سابق وزیرِ تعلیم نورالاسلام ناہید بھی شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں