کراچی(این این آئی)جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری محمد یوسف نے کہا ہے کہ ایران کے ہاتھوں اسرائیل وامریکہ کی ذلت آمیز شکست کے بعد دنیا میں طاقت کے توازن میں تبدیلی رونما ہورہی ہے جبکہ پاک۔ بھارت جنگ نے بھی خطے میں طاقت کا توازن بدل دیا ہے۔ ملک دشمن قوتیں اور انکے اندورنی و بیرونی ایجنٹوں کو ضرب کاری لگی ہے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کا انجام خراب ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز اسلامی شہدادپور میں منعقدہ ضلع سانگھڑ کے ایک روزہ اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع صوبائی نائب امیر محمد افضال آرائیں،صوبائی ڈپٹی سیکریٹری مولانا عبد القدوس احمدانی، ضلعی امیر محمد رفیق منصوری، ضلعی جنرل سیکریٹری ارشد خاصخیلی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ محمد یوسف اور دیگر مقررین کا مزید کہنا تھاکہ وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتوں کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں معمولی اضافہ جبکہ اسپیکر اور ممبران اسمبلی کی تنخواہوں میں چھ سو فیصد اضافہ کرنا دوہرا معیار ہے ایک ملک میں غریبوں اور امیروں کیلئے دو الگ الگ قانون ہیں حالیہ بجٹ میں غریبوں کو دیوارسے لگانے کی پوری کوشش کی گئی ہے۔ضلع سانگھڑ سمیت سندھ بھر میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال، قتل، اغوا، لوٹ مار، اسٹریٹ کرائمز ڈکیتی کی مسلسل بڑھتی ہوئی وارداتیں عام ہیں کوئی عزت دار شہری محفوظ نہیں ہے پولیس چوروں اور ڈاکوؤں کو گرفتار کرنے میں ناکام ہوچکی ہے انہوں نے کہا کہ ضلع سانگھڑ میں پولیس کی غفلت و لاپرواہی سے نوجوانوں نسل میں تیزی سے پھیلتے ہوئے منشیات، شراب، گٹکے اور آئس کے رحجان نے پوری نوجوان نسل کا مستقبل داؤ پر لگا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا کل پاکستان اجتماع عام اسلامی انقلاب کی نوید ثابت ہوگا اور ملک بھر کے محروم طبقات کی آواز بنے گا اور دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کے حق کیلئے ایک توانا آواز ثابت ہوگا انہوں نے کہاکہ تمام ارکان و کارکنان اپنے تنظیمی کاموں میں دلچسپی لیں اور نوجوانوں کو جماعت اسلامی میں شامل کرکے تحریک کا ہراول دستہ بنائیں انہوں نے کہا کہ تحصیل،مقام، ٹاؤن، محلوں اور دیہی علاقوں میں کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ اس موقع پر ضلعی ذمہ داران ظہیر الدین جتوئی، راجہ وسیم، علیم اکرام اسٹیج پر موجود تھے۔

