اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پشاور کے علاقے متنی میں خوارج کے خلاف کامیاب کارروائی کے دوران تین دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اتوار کو اپنے بیان میں وفاقی وزیر داخلہ نے کارروائی میں تین خوارج کو ہلاک کرنے پر سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورسز کے اہلکاروں نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے، قوم ملک کے تحفظ کے لیے سرگرم جوانوں پر فخر کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ امن کو خطرہ بننے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں قومی سلامتی کےتحفظ کے لیے سکیورٹی فورسز کے عزم کی عکاس ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے کارروائی میں حصہ لینے والے سی ٹی ڈی اور سکیورٹی اہلکاروں کی خدمات کو سراہتے ہوئےدہشت گردی کے خلاف ان کی کوششوں میں قوم کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔

